سردیوں میں چکن سوپ کی مانگ میں اضافہ، مرغی کا گوشت اچانک کتنا مہنگا ہوگیا؟
لاہور(مسائل نیوز)ملک بھر میں سردی کے موسم کے باعث چکن سوپ کی مانگ بڑھ گئی، اس دوران پولٹری فارمرز نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے مرغی کے گوشت کی قیمت میں فی کلو 200روپے کا اضافہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں گزشتہ 2روز کے دوران گوشت کی فی کلو قیمت میں 200روپے کا اضافہ ہوا۔ شہر بھر میں 500روپے سے 550روپے میں دستیاب گوشت کی قیمت 750 سے 850روپے فی کلو تک جا پہنچی۔
- Advertisement -
سرکاری سطح پر مرغی کے گوشت کی فی کلو قیمت 670روپے مقرر کی گئی ہے تاہم مارکیٹ میں مرغی کے گوشت کو 800روپے فی کلو اور اس سے زائد قیمت پر بھی بیچا جارہا ہے۔ مرغی کے گوشت کی قیمت میں اس اضافے کو پولٹری فارمرز سے منسوب کیاجارہا ہے۔
واضح رہے کہ سردیوں کے دوران مرغی کے گوشت کی کھپت میں اس لیے بھی اضافہ ہوتا ہے کہ دکانداروں کی بڑی تعداد چکن سوپ فروخت کرنا اور عوام کی بڑی تعداد اسے پینا شروع کردیتی ہے۔ مرغی کے گوشت کی طلب بڑھنے پر دام بڑھا دئیے جاتے ہیں۔
دوسری جانب سردیوں کے دوران چکن سوپ کی افادیت سے بھی انکار نہیں کیاجاسکتا۔ بے شمار افراد سردیوں کی کھانسی، نزلے اور بخار سے بے حال ہونے کے بعد کمزوری دور کرنے کیلئے بھی چکن سوپ کا استعمال کرتے ہیں۔