’تم میرا نام کیوں نہیں لیتی؟‘، انڈر 19 ایشیا کپ کی شکست پر بھارتی بورڈ کی ٹویٹ، صارفین کے دلچسپ تبصرے
دبئی (مسائل نیوز)انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 191 رنز سے شکست دے کر شاندار کامیابی حاصل کی، جس کے بعد ملک بھر میں جشن کا سماں دیکھنے میں آیا۔ تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کا رویہ سوشل میڈیا پر تنقید کی زد میں آ گیا۔
بی سی سی آئی نے میچ کے بعد اپنی ٹویٹ میں بھارت کی شکست کا ذکر کرتے ہوئے صرف یہ لکھا کہ ’انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں انڈیا کو 191 رنز سے شکست‘۔ تاہم اس ٹویٹ میں پاکستان کا نام شامل نہیں کیا گیا۔ اس عمل پر سوشل میڈیا صارفین نے بھارتی بورڈ کو تنقید کا نشانہ بنایا اور اسے کھیلوں کی روایات کے منافی قرار دیا وہیں کئی صارفین بھارتی بورڈ کا مذاق اڑاتے بھی نظر آئے۔
شمع جونیجو نے کہا کہ کس نے بھارت کو شکست دی، پاکستان کا نام تو لے لو۔ ایک سوشل میڈیا صارف نے جون ایلیا کی شاعری کا سہارا لیتے ہوئے لکھا کہ ’آپ وہ جی مگر یہ سب کیا ہے، تم میرا نام کیوں نہیں لیتیں‘۔
علی تنولی لکھتے ہیں کہ نام کیوں نہیں لیتے، آپ کو کس نے ہرایا ہے؟ پاکستان کا نام یاد رکھنا۔
ندیم نامی صارف نے لکھا کہ یہ پاکستان سے نہیں جیت سکتے۔
- Advertisement -
صحافی حامد میر نے لکھا کہ ’کس نے ہرایا، کوئی نام؟‘
واضح رہے کہ میچ کے دوران بھی اسپورٹس مین اسپرٹ سے ہٹ کر مناظر دیکھنے میں آئے۔ ٹاس کے موقع پر پاکستانی اور بھارتی انڈر 19 ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان روایتی مصافحہ نہیں ہوا جسے شائقین کرکٹ نے ناپسند کیا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل رواں سال متحدہ عرب امارات میں منعقدہ مینز ایشیا کپ کے دوران بھی بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کی جانب سے پاکستانی کھلاڑیوں سے ہاتھ ملانے سے گریز کیا گیا تھا۔ اس رویے پر ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے احتجاجاً ٹرافی دینے سے انکار کر دیا تھا۔
اسی طرح انڈر 19 ایشیا کپ کے گروپ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کے کپتانوں کے درمیان ٹاس کے موقع پر مصافحہ نہیں ہوا تھا جبکہ میچ کے اختتام پر بھی بھارتی ٹیم نے پاکستانی کھلاڑیوں کے ساتھ ہاتھ ملانے سے گریز کیا۔
کرکٹ حلقوں اور شائقین کا کہنا ہے کہ کھیل کو سیاست سے بالاتر رکھنا چاہیے اور میدان میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا مظاہرہ دونوں ٹیموں کی ذمہ داری ہے۔