شہباز گل کو دوبارہ سینے میں درد ہونے کی شکایت
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے گرفتار رہنما ڈاکٹر شہباز گل کو عدالت پہنچانے کے لیے اسلام آباد کے ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔ڈسچارج کئے جانے کے موقع پر شہباز گل دوبارہ سینے میں درد ہونے کی شکایت کر رہے ہیں۔جبکہ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ شہباز گل کی طبیعت بالکل ٹھیک ہے، سانس کا مسئلہ نہیں ہے۔
دوسری جانب اسلام ہائیکورٹ نے شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ درخواست میں شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی ۔
عدالت نے وکیل سلمان صفدر سے مکالمہ کیا کہ میڈیکل رپورٹ آپ سے نہیں لی جائے گی، میڈیکل رپورٹ اڈیالہ کے میڈکل افسر ڈاکٹر سے لی جائے گی۔ تفتیشی افسر نے دوران سماعت کہا کہ شہبا زگل کا پولی گرافک ٹیسٹ بھی کرانا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ عمران خان نے خاتون ایڈیشنل سیشن جج کے خلاف سنجیدہ الفاظ کہے ہیں،ہم عمران خان کی تقریر عدالت کے ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں۔
استدعا ہے کہ آپ عمران خان کو نوٹس جاری کر کے جواب طلب کر لیں۔ قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے کہ وہ الگ سے معاملہ ہے اس کو الگ سے دیکھ لیں گے۔ شہباز گل کے وکیل کا کہنا تھا کہ شہباز گل کو عدالت نے جوڈیشل کردیا تو واپس کیوں لانا پڑا ؟ کریمنل کیسز میں شواہد کو عدالت اور فریقین سے چھپایا نہیں جاسکتا۔ وہ کونسے شواہد ہیں جس کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ کی ضرورت ہے،شواہد مانگنے پر کہا گیا کہ ہم آپ سے کچھ بھی شئیر نہیں کرسکتے۔
عدالت نے شہباز گل کے وکیل کو تقاریر کے حوالے سے منع کیا،اور قرار دیا کہ فریڈم آف ایکسپریشن کی تعریف ہم سب غلط پڑھتے ہیں۔ عدالت نے شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کیخلاف درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا،اسلام آباد ہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس عامر فاروق نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا۔ درخواست میں شہباز گل کا مزید جسمانی ریمانڈ منظور کرنے کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا تھا۔