زخمی شاہین آفریدی کی مداحوں سے جلد صحتیابی کیلئے دعائوں کی اپیل
ٴلاہور(مسائل نیوز) انجری کا شکار فاسٹ بالر شاہین شاہ آفریدی نے اپنے مداحوں سے جلد صحتیابی کی دعا ئوں کی اپیل کر دی۔شاہین شاہ آفریدی انجری کے باعث ایشیاء کپ اور انگلینڈ کے خلاف ہوم سیریز سے باہر ہوگئے ہیں ۔ مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے پیغام میں شاہین شاہ آفریدی نے کہا کہ ہماری ٹیم میں ہر کھلاڑی میچ ونر ہے ۔
انہوں نے اپنے مداحوں سے اپیل کی کہ میری جلد صحتیابی کے لیے دعاؤں میں یاد رکھیں ۔ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نے یہ بھی کہا ہے کہ ان شاء اللّٰہ میں جلد واپس آؤں گا ۔ شاہین شاہ آفرید ی نے ایشیاء کپ میں قومی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کو میڈیکل ایڈوائزری کمیٹی اور انڈی پینڈنٹ اسپیشلسٹس نے آرام کا مشورہ دیا جس کے باعث وہ ایشیاکپ اور انگلینڈ خلاف ہوم سیریز میں قومی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔
شاہین شاہ آفریدی کی نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ فریقی سیریز میں واپسی کے امکانات ہیں، جو رواں سال اکتوبر میں ہوگی۔ واضح رہے کہ قومی فاسٹ بولر گال میں سری لنکا کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں دائیں گھٹنے کی تکلیف کا شکار ہوئے تھے۔ پی سی بی کے چیف میڈیکل آفیسر کا کہنا ہے کہ شاہین آفریدی سے بات ہوئی ہے وہ خبر سن کر اپ سیٹ ہیں، جلد انجری پر قابو پاکر کرکٹ میں واپس آئیں گے اور ملک کی نمائندگی کریں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شاہین شاہ آفریدی نے روٹرڈیم میں ری ہیب کے دوران بہتری دکھائی ہےاس کے باوجود انہیں مزید بہتری کے لئے کچھ وقت درکار ہے۔ دوسری جانب ایشیاکپ اسکواڈ کیلئے شاہین آفریدی کے متبادل کا اعلان جلد کردیا جائے گا۔