حکومت نے سوشل میڈیا فائر وال منصوبہ بند کر دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز)حکومت نے سوشل میڈیا کی نگرانی اور کنٹرول کے لیے نصب فائر وال منصوبے کو ناکام ہونے کے بعد مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ اقدام فائیو جی اسپیکٹرم کی متوقع نیلامی سے قبل کیا گیا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق فائر وال منصوبہ 2024ء میں نصب کیا گیا تھا تاہم تکنیکی مسائل کے باعث یہ ٹیلی کام انفراسٹرکچر کے ساتھ مکمل ہم آہنگی حاصل نہیں کر سکی۔ اس ناکامی سے نہ صرف قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان ہوا بلکہ ملک بھر میں انٹرنیٹ کی رفتار بھی متاثر ہوئی۔
- Advertisement -
حکام کا کہنا ہے کہ فائر وال مطلوبہ نتائج دینے میں ناکام رہی جس کے باعث لاکھوں فری لانسرز اور ہزاروں کمپنیوں کی ڈیجیٹل سروسز کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
ماہرین نے آئی ٹی اور ٹیلی کام سیکٹر میں سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے فائر وال بند کرنے کی سفارش کی تھی، جس کے بعد حکومت نے اسے مستقل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن نے اس معاملے پر باضابطہ مؤقف دینے سے گریز کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فائر وال کی بندش سے ملک میں ڈیجیٹل معیشت، فری لانسنگ اور مستقبل میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے فروغ میں بہتری کی توقع کی جا رہی ہے۔