ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتاردیا گیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہےکہ ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتاردیا گیا، نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کرکے سیاسی عدم استحکام پیدا کیا گیا، حکومتی تبدیلی سے معاشی نقصان کے اندازے کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی سینئر سیاسی قیادت اور معاشی ٹیم کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسد عمر، فواد چودھری، شیریں مزاری اور شوکت ترین سمیت دیگر نے شرکت کی۔
اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال اورمعاشی حالات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شوکت ترین کی سربراہی میں سیاسی اور معاشی ماہرین پر مشتمل خصوصی کمیٹی قائم کی گئی ہے۔
کمیٹی حکومت کی تبدیلی کی معاشی قیمت کے متعلق عمران خان کو آگاہ کرے گی۔ کمیٹی موجودہ معاشی بحران اور اس سے نکلنے کا جامع طریقہ کار بھی تجویز کرے گی، اسی طرح کمیٹی توانائی، صنعت، سماجی بہبود اور دیگر شعبوں کے ماہرین سے بھی خدمات لے گی۔
- Advertisement -
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ ترقی کرتی معیشت کو بیرونی سازش کے ذریعے تباہی کے گھاٹ اتاردیا گیا، ملک کو سیاسی عدم استحکام کا شکار کرکے نااہل اور نالائقوں کے ٹولے کو مسلط کیا گیا۔مزید برآں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ٹویٹر میں اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کرائم منسٹر اہم تعیناتیوں اور دیگر ریاستی امور پر مجرم نوازشریف سے مشاورت کررہے ہیں، وزراء کا کہنا ہے کہ آرمی چیف کی تعیناتی نوازشریف کی مشاورت سے ہوگی جو کہ عہدے کے حلف کی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرائم منسٹر کی مجرم نواز شریف سے مشاورت سیکرٹ ایکٹ اور حلف کی خلاف ورزی ہوگی۔ چیئرمین عمران خان نے ٹویٹ میں وزیراعظم کے حلف کی کاپی بھی شیئر کردی ہے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی قیادت کی جانب سے کسان اور تاجر سمیت مختلف ونگز کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔عمران خان نے کھاد کی عدم فراہمی اور بلز میں اضافے پر کسانوں کے ساتھ احتجاج کی ہدایت کر دی۔
پی ٹی آئی رہنما جمشید چیمہ کو کسان یونین کے نمائندوں سے رابطوں کا ٹاسک دیا گیا۔جمشید چیمہ کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ کسانوں اور تاجروں کو لانگ مارچ میں بھی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔عمران خان دورہ لاہور کے دوران تاجروں اور کسان نمائندوں سے ملاقاتیں کریں گے۔قبل ازیں کسان بورڈ پاکستان وسطی پنجاب کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ کسان بورڈ پاکستان جو ملک گیر احتجاج کی تحریک شروع کررہا ہے مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گی۔
حکومت کی کسان دشمن پالسیوں نے پاکستان کی زراعت تباہ و برباد کردی ۔پوری دنیا کو گندم ، چینی اور کپاس ایکسپورٹ کرنے والا ملک اب زرعی اجناس کئی گنامہنگے داموںامپورٹ کرنے پر مجبورہے۔ زخیز زمینوںپر ہائوسنگ کالونیاں بنانے کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے۔ بجلی کئی گنا مہنگی اوربلوںمیں ناجائز ٹیکسوں کی بھرمار کردی گئی ہے۔جعلی کھاد اور جعلی زرعی ادویات دھڑلے سے فروخت کی جارہی ہیں۔
کھاد کی مصنوی قلت پید ا کرکے بلیک میں فروخت جاری ہے۔ڈی اے پی کی قیمت 15ہزار روپے سے بھی بڑھائی جارہی ہے۔ ڈیزل اور پٹرول کی قیمتیں آسمانوں سے باتیںکررہی ہیں۔ اشیاء خوردونوش کی قیمتوں کا کنٹرول بھی مافیا نے سنبھال رکھا ہے ۔شوگرملیں گنا کوڑیوں کے بھاؤ خرید کر بھی رقم کسان کو خوار کر کے ادا کرتی ہیں۔ کسان کو اپنی فصل کی اصل قیمت بھی میسر نہیں ہوتی ہے۔ اگر بجلی ، پٹرول، ڈیزل ، کھاد، ڈی اے پی کی قیمتوں میں کمی نا کی گئی اور گنے کی قیمت 400 روپے فی من اور گندم کی قیمت 4000 روپے فی من مقرر نا کی گئی توجاتی عمرہ ، زمان پارک، گورنر ہائوس، وزیر اعلیٰ ہائوس، پنجاب اسمبلی اور اس کے بعدقومی اسمبلی کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔