اسلام آباد(مسائل نیوز) نیب قانون میں تبدیلی کے بعد پیشرفت،نیب نے 20 سال پرانے کیسز کا ترمیمی ایکٹ کے تحت جائزہ لینے کا فیصلہ کر لیا۔ دنیا نیوز کے مطابق نئے ترمیمی ایکٹ کے تحت پرانے مقدمات کا جائزہ لیا جائے گا۔سابق صدر آصف زرداری کیخلاف بھی پرانے مقدمات پر نظرِ ثانی کی جائے گی۔اُرسس ٹریکٹر،گولڈ ریفرنس،ایس جی ایس کوٹیکنا اور پولو گراؤنڈ مقدمات کا بھی دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔
نیب نے نظر ثانی کیلئے ہائیکورٹ میں زیر التوا اپیلوں پر مہلت لینے کا فیصلہ کیا،ہائیکورٹ سے ایک ہفتے کی مہلت لینے کیلئے درخواست تیار کر لی گئی ہے۔ یاد رہے کہ نیب نے پرانے کیسز سے متعلق وزارت قانون سے رائے مانگی تھی لیکن وزارت قانون نے رائے دینے سے گریز کیا اور نیب کو خود فیصلہ کرنے کا کہا تھا۔
ادھر نیب قوانین میں ترمیم کے تحت نیب ریفرنسز کے ملزمان کو بڑا ریلیف مل گیا۔
- Advertisement -
احتساب عدالتوں نے نیب کے 50 کرپشن ریفرنسز واپس کر دئیے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس کر دیا گیا۔اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا۔
اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا،سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس ہو گیا ۔ نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ اسکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔نیب قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف،سابق وزیر اعلٰی پنجاب حمزہ شہباز،راجہ پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کئے۔جبکہ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ملک میں احتساب کا جنازہ نکل گیا اور 95 فیصد مقدمات ختم ہو گئے جن میں بڑے بڑے لوگ شامل تھے۔