سیاسی حل کی کوشش ہے لیکن ہمارے پاس وقت زیادہ نہیں
اسلام آباد (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر فواد چوہدری نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات پر شدید تشویش ہے، سمجھ سے باہر ہے نااہلوں کا ٹولہ جو پاکستان پر مسلط کیا گیا معاملات ان کے ہاتھ سے نکل گئے ہیں، سیاسی حل کی کوشش ہے لیکن ہمارے پاس وقت زیادہ نہیں ہے اگر شہباز شریف نے الیکشن کی تاریخ نہ دی تو انھیں گھر بھیجنا پڑے گا اس کی ہماری تیاری مکمل ہے۔
فواد چوہدری نے مزید کہا کہ غصے اور ضد میں درست فیصلے نہیں ہوتے اب ن لیگ کے وزیر بوکھلاہٹ میں اوّل فُول بول رہے ہیں۔ ان کو نظرانداز کرنا بہتر ہے،انہوں نے کہا کہ اب بھی چاہتے ہیں معاملہ فہمی کا مظاہرہ کیا جائے، انتخابات کی تاریخ دیں اور الیکشن کے فریم ورک اور نئے الیکشن کمیشن کی تشکیل پر سر جوڑیں۔
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ پنجاب کے انجام کے بعد عام انتخابات کا سوچ کر ہی کٹھ پتلیوں کی کانپیں ٹانگ رہی ہیں۔
- Advertisement -
حکومتی اتحادیوں کی پریس کانفرنس پر رد عمل دیتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عبرتناک شکست نے 13 جماعتی اتحاد کی سوچنے سمجھنے کی صلاحیت بری طرح مجروح کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ چکا ہوں مرکزی حکومت تو پہلے ہی سے وینٹی لیٹر پر ہے۔سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ یہ طے کرنا ان کے بس میں ہی نہیں کہ انہوں نے کتنی دیر رہنا ہے، یہ فیصلہ ہمیں ہی کرنا ہے مگر ابھی ان کو موقع دے رہے ہیں کہ کچھ عقل کا فیصلہ کرلیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عوام نے دو ٹوک فیصلہ سنایا کہ وہ عمران خان کے بیانیے کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوری صاف شفاف انتخابات عمران خان کے بیانیے کا کلیدی جز ہے۔انہوں نے کہا کہ سنگین ترین سیاسی عدم استحکام اور روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ باعث تشویش ہے۔رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ ملک و قوم کو عوام کے مسترد شدہ کرپٹ گروہ کی ضد کی بھینٹ نہیں چڑھایا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی انتخاب میں جائیں گے، انجام اس سے بھی عبرتناک ہوگا۔