اسلام آباد(ویب ڈیسک) اسد عمر نے کہا ہے کہ حکومت کے جانے کی خبریں چائے کی پیالی میں طوفان کے سوا کچھ نہیں، وزیراعظم اپنی مدت پوری کریں گے، عمران خان کا متبادل ہوں نہ ہو سکتا ہوں۔وفاقی وزیر منصوبہ بندی و سربراہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) اسد عمر نے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نون لیگ میں ووٹ صرف نواز شریف کا اور تحریک انصاف میں عمران خان کا ہے۔
- Advertisement -
انہوں نے کہا کہ پارلیمانی نظام میں کسی بھی حکومت کی گارنٹی نہیں ہوتی، پی ڈی ایم کی پہلی تحریک پیالی میں طوفان ثابت ہوئی تھی، کوشش کی جا رہی ہے طوفان کو واپس پیالی میں لایا جائے، نواز شریف نااہل اور بیرون ملک ہیں لیکن انہیں پتہ ہے پارٹی نواز شریف کی ہے، اس بات کا علم شہباز شریف کو ہے جو پاکستان میں ہیں۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ عمران خان نہ ہوتے تو سیاست میں نہ آتا، پی ٹی آئی میں کوئی بھی عمران خان کی لیڈرشپ پر سوال نہیں اٹھا سکتا، ایسا کوئی کیس نہیں دیکھا کہ عمران خان کی لیڈر شپ کو چیلنج کیا گیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا بلدیاتی الیکشن میں سب سے زیادہ ووٹ پی ٹی آئی کو پڑے، ن لیگ، اےاین پی، پیپلزپارٹی سے زیادہ پی ٹی آئی نے تحصیلیں جیتیں، تینوں جماعتیں پہلے بھی خیبرپختونخوا میں حکومت بناچکی ہیں۔