پہلی پاکستانی خاتون فیفا کی انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی کی رکن مقرر! جانیں سیدہ آمنہ بتول کون ہیں
لاہور(مسائل نیوز)پاکستان مسلم لیگ نون کی رکن قومی اسمبلی سیدہ آمنہ بتول فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا کی انسٹی ٹیوشنل ریفارمز کمیٹی کی رکن منتخب ہوگئی۔ یہ تقرری پاکستان کے لیے ایک مثبت پیش رفت سمجھی جا رہی ہے جو کہ ملک کی عالمی کھیلوں کی سفارت کاری میں ایک اہم کامیابی ہے۔
آمنہ بتول فیفا کی کسی بھی کمیٹی میں شامل ہونے والی پاکستان کی واحد نمائندہ ہیں جنہوں نے آج قطر میں منعقدہ پلینری سیشن اور اس سے متعلقہ اجلاسوں میں شرکت کی۔ ان کی شمولیت نہ صرف پاکستان کی نمائندگی کا باعث بنی بلکہ عالمی فٹبال فورمز پر ملک کا مؤقف بھی اجاگر ہوا۔
یہ تقرری اس بات کی عکاس ہے کہ فیفا کو پاکستان کے ادارہ جاتی نظم و نسق اور اصلاحاتی سمت پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان کی جانب سے عالمی فٹبال گورننس میں مثبت اور تعمیری کردار ادا کرنے کے عزم کو بھی تقویت ملی ہے۔
کھیلوں کے حلقوں میں اس پیش رفت کو پاکستان کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے جو مستقبل میں بین الاقوامی سطح پر مزید مواقع پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔
سیدہ آمنہ بتول کون ہیں؟
- Advertisement -
سیدہ آمنہ بتول نے 2024 کے عام انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نمائندگی کرتے ہوئے خواتین کی مخصوص نشست پر قومی اسمبلی میں جگہ حاصل کی۔ ان کی کامیابی کو پارٹی کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔
سیدہ آمنہ بتول جو وزیراعظم یوتھ پروگرام (PMYP) میں فوکل پرسن کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی ہیں۔ وہ بالخصوص گرین یوتھ موومنٹ، تعلیمی اداروں اور بین الاقوامی روابط کے شعبے کی ذمہ دار ہیں جہاں ان کی توجہ نوجوانوں کو بااختیار بنانے، تعلیم، روزگار اور ماحولیاتی اقدامات پر مرکوز ہے۔
سیدہ آمنہ بتول ایک پالیسی اسکالر ہیں اور انہیں بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں تجربہ حاصل ہے۔ وہ پاکستان کی نمائندگی او آئی سی یوتھ سمٹ سمیت مختلف عالمی فورمز پر کر چکی ہیں جہاں انہوں نے نوجوانوں کی ترقی اور فلاح و بہبود سے متعلق اقدامات کو اجاگر کیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور عرب نیوز کے مطابق وہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے تحت نوجوانوں کے لیے پالیسی سازی اور ترقیاتی منصوبوں کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔
بطور فوکل پرسن سیدہ آمنہ بتول گرین یوتھ موومنٹ کے ذریعے ماحولیاتی تحفظ، نوجوانوں کی شمولیت اور عالمی تعاون کو فروغ دینے کے لیے سرگرم ہیں۔ وہ نوجوانوں سے متعلق پالیسیوں کی تیاری میں بھی شامل ہیں اور اس سلسلے میں یونیسیف اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم (UNODC) جیسے بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مل کر کام کر چکی ہیں۔
بین الاقوامی سطح پر سیدہ آمنہ بتول پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے نوجوانوں کے عالمی فورمز میں شرکت کر رہی ہیں جس سے نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو فروغ مل رہا ہے بلکہ عالمی برادری کے ساتھ تعلقات بھی مضبوط ہو رہے ہیں۔
تعلیمی اعتبار سے سیدہ آمنہ بتول گورنمنٹ اور پبلک پالیسی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری رکھتی ہیں۔ سیاسی طور پر ان کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے، جہاں انہوں نے خواتین کی مخصوص نشست پر قومی اسمبلی کی رکنیت حاصل کی۔