اگلے ماہ نوازشریف سرگودھا میں کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کاافتتاح کریں،مریم نواز
سرگودھا(مسائل نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ سرگودھا میں دل کے مریضوں کو اب فیصل آباد یا لاہور نہیں جانا پڑے گا، اگلے ماہ نوازشریف سے درخواست کریں گے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کاافتتاح کریں۔
سرگودھا میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے الیکٹرک بس منصوبے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پہلے ترقی بڑے شہروں سے شروع ہو کر وہیں ختم ہو جاتی تھی،پاکستان میں روایت ہےبڑے پروجیکٹ کو بڑے شہر سے شروع کیا جاتا ہے،اب چھوٹے شہروں سے ترقی شروع ہو کر پورے پاکستان میں پھیلے گی،ان کا کہنا تھا کہ سرگودھا میں پہلے سرکاری یا پبلک ٹرانسپورٹ سسٹم نہیں تھا، یہ دیکھ کر تکلیف ہوتی ہے کہ مسافر بسوں کی چھتوں پر بیٹھے ہوتے ہیں۔
- Advertisement -
مریم نواز کاکہناتھا کہ خواتین مسافر بسوں میں بہت تنگ ہوتی ہیں،سرگودھا کے عوام ٹوٹی پھوٹی ٹرانسپورٹ پر سفر کرنے پر مجبور تھے،سرگودھا کیلئے آج ماڈرن، باعزت اور سکون والی سواری کاتحفہ لائی ہوں،ای بسو ں میں خواتین کیلئے الگ حصہ مختص اورسکیورٹی کیمرے نصب ہیں۔ای بسوں میں خصوصی افراد، خواتین، بزرگ اور طلبا کیلئے سفر مفت ہے،کل میانوالی کے لوگوں نے الیکٹرک بسوں کے تحفے پر جشن منایا، بھیرہ سے سرگودھا تک ٹوٹی پھوٹی بسوں کا کرایہ 200روپے تھا، اب بھیرہ سے سرگودھا تک کرایہ صرف20روپے ہوگا، دھواں نہ ہونے کے باعث الیکٹرک بسیں ماحول کیلئے بہت بہترین ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاکہ سرگودھا میں دل کے مریضوں کو اب فیصل آباد یا لاہور نہیں جانا پڑے گا، اگلے ماہ نوازشریف سے درخواست کریں گے کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ کاافتتاح کریں۔