حق دو تحریک کا سانحہ نوکنڈی کیخلاف گوادر میں احتجاجی مظاہرہ
گوادر (مسائل نیوز) حق دو تحریک بلوچستان کے زیر اہتمام شہدائے جیونی چوک گوادر میں سانحہ نوکنڈی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سانحہ نوکنڈی کے خلاف مذمتی پلے کارڈز بھی اپنے ہاتھوں میں اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے حق دو تحریک بلوچستان کے سربراہ اور جماعت اسلامی کے صوبائی جنرل سیکریٹری مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ سانحہ نوکنڈی نے نازی دور کو بھی شرمسار کیا ہے پہلے ایسے سانحات کشمیر، فلسطین اور اسرائیل میں رونما ہوتے ہوئے دیکھے گئے ہیں جہاں قابض فوج مظلوم اقوام پر کہر بن کر ٹوٹتی ہیں لیکن ریاستی اداروں کا اپنے ہی عوام پر گولیاں برسانا لمحہ فکریہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حق دوتحریک پہلے ہی مطالبہ پیش کرچکی ہے کہ ایف سی عوام دوست فورس نہیں بارڈر پر کام کرنے والے ڈرائیور ہوں یا مزدور یا عام شہری ان پر مذکورہ ریاستی ادارے کے مظالم ختم ہونے کا نام نہیں لیتے۔ سانحہ نوکنڈی اس کی بدترین مثال بنکر سامنے آئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ کٹھپتلی صوبائی حکومت اس قدر نااہل اور بے حس ثابت ہوچکی ہے کہ وہ نوکنڈی میں قیمتی انسانی جانوں کے زیاں پر کوئی کاروائی نہیں کررہی ہے اور نہ ذمہ داروں کا تعین کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک ظلم جبر اور استبداد کے خلاف جدوجہد کا استعارہ بن چکی ہے ظلم اگر گوادر میں یا نوکنڈی میں حق دو تحریک آواز بلند کرتی رہے گی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سانحہ نوکنڈی میں ملوث زمہ داروں کو فوری طورپر بے نقاب کرکے شہدا کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ حق دوتحریک بلدیاتی انتخابات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیگی اور ہم ضلع بھر سے اپنے امیدوار کھڑے کرینگے۔ انہوں نے سانحہ نوکنڈی کے خلاف مظاہرہ میں جوش و خروش سے شرکت کرنے پر گوادر کے عوام اور نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
- Advertisement -