سپریم کورٹ نے غیر ماڈل ٹریزا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) سپریم کورٹ نے غیر ملکی ماڈل ٹریزا کو بیرون ملک جانے سے روک دیا۔جمہوریہ چیک کی ماڈل کیخلاف منشیات کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت ہوئی۔جسٹس اعجازالاحسن کی سربراہی میں 3 رکنی بنچ نے سماعت کی ۔عدالت کی جانب سے کسٹمز حکام کی اپیل پر غیرملکی ماڈل کو نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ عدالت نے سماعت 20 اپریل تک ملتوی کردی۔
منشیات اسمگلنگ الزام کیس میں بری ہونے والی غیر ملکی ماڈل ٹریزا نے اپنے ملک چیک ری پبلک واپس جانے کی درخواست دائر کی تھی۔وکیل نے کہا کہ 2018 میں ٹریزا کو منشیات کے الزام میں گرفتار کیا گیا اور سزا ہوئی تاہم پھر لاہور ہائی کورٹ نے بری کیا، لیکن وزارت داخلہ نے اس کی اپنے ملک واپس جانے کی درخواست مسترد کی، کیونکہ بریت کے خلاف اپیل زیر التوا ہے۔
- Advertisement -
واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے ٹریزا کی سزا کے خلاف اپیل منظور کر لی تھی۔ تفصیلی فیصلے میں بتایا گیا کہ ٹریزا کی جس خاتون کانسٹیبل نے ائیرپورٹ پر تلاشی لی اسے گواہ ہی نہیں بنایا گیا،تلاشی لینے والی کانسٹیبل کو گواہ نہ بنا کر استغاثہ نے سب سے اہم گواہی روکی،اس پر کوئی تفتیش نہیں کی گئی کہ ائیر پورٹ سے کسٹم ہائوس مبینہ منشیات کب اور کیسے پہنچی،ائیر پورٹ سے سی سی ٹی وی فوٹیج نہیں لی گئی،ایسے واقعات میں سی سی ٹی وی ضروری ہوتی ہے جس سے جھوٹے کیس کا امکان ختم ہو جاتا ہے،مدعی کا یہ بیان ہونا چاہیے تھا کہ اس نے کیس پراپرٹی کسٹم ہاوس جمع کرائی،استغاثہ کے کیس میں ایسے نقائص کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا،استغاثہ ٹریزا کے خلاف کیس کو ثابت کرنے میں ناکام رہی اسلئے اسے بری کیا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ یورپی ملک چیک ری پبلک سے تعلق رکھنے والی ماڈل ٹریزا کو 10 جنوری 2018 کو ساڑھے 8 کلو ہیروئن بیرون ملک اسمگل کرنے کی کوشش میں لاہورایئر پورٹ سے متحدہ عرب امارات جاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے ماڈل ٹریزا کو منشیات کیس میں قید کی سزا سنائی تھی۔