لاہور (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ خود کو معیشت کا چیمپئن سمجھنے والے منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، آئین شکنی بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پر حملہ آور ہے‘ ہر صورت عدلیہ کے تقدس کی حفاظت کریں گے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے پی ٹی آئی رہنما ڈاکٹر شہباز گل نے زمان پارک میں ملاقات کی، جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور لائحہ عمل پر غور کیا گیا۔
اس دوران گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی معیشت پہلے ہی برباد کر دی گئی ہے اب الیکشن نہ کروا کر آئین شکنی کے مرتکب بھی ہو رہے ہیں، اپنی آئین شکنی بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت عدلیہ پر حملہ آور ہے، مہنگائی نے عام آدمی کی کمر توڑ دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ سمیت بہت سے عوام دوست منصوبے بند کرنے سے غریب پر بوجھ بڑھ رہا ہے، ان میں عام آدمی کا سامنا کرنے کی ہمت نہیں، مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے، خود کو جو معیشت کے چیمپئن سمجھتے تھے آج کل منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، ہر پاکستانی جان چکا ہے کہ یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔
- Advertisement -
اس موقع پر شہباز گل نے کہا کہ پارٹی کا ورکر پارٹی کے نظریے کے ساتھ کھڑا ہے، آئندہ الیکشن میں یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، اور سوشل میڈیا ونگ میں سے پارٹی کے نظریاتی نوجوانوں کو کم از کم دس فیصد ٹکٹیں دینے کی درخواست کرتا ہوں، جو پارٹی ورکر مشکل حالات میں پارٹی کے ساتھ کھڑا ہے اس کو الیکٹیبل پر ترجیح دی جائے۔