سانحہ کارساز میں اپنا خون دینے والے بہادر سپوت خراج عقیدت کے مستحق ہیں، نواب ثناءاللہ
کوئٹہ (مسائل نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما چیف آف جھالاوان سابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناءاللہ خان زہری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے جیالوں نے 18 اکتوبر کو اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے تاریخ میں ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے کارکنوں نے سانحہ کارساز کے موقع پر جس بہادری سے اپنے قائدین بے نظیر بھٹو کی حفاظت کر کے بہادری کی مثال قائم کردی ہم سانحہ کارساز کے بہادر سپوتوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ کار ساز کی برسی کے موقع پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے بینظیر بھٹو کو راستہ سے ہٹانے کے لئے ان کے قافلے کو سفاکانہ انداز میں نشانہ بنایا اور جس میں پاکستان پیپلز پارٹی کے درجنوں جیالے اور کارکن اپنے خون کا نذرانہ پیش کر کے اعلیٰ رتبہ پر فائز ہو گئے سینکڑوں کی تعداد میں لوگ زخمی ہوئے آج ان کی برسی ہے جنہوں نے ملک میں حقیقی جمہوریت کی بحالی ملک میں عدل و انصاف کی مضبوطی کیلئے اپنے جان جان آفرین کے حوالے کردیئے، ہم ان کی لازوال قربانیوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہیں پاکستان میں جمہوریت کی بحالی میں سانحہ کارساز کا خون بھی شامل ہے ہم ان کی اس عظیم قربانی کو فراموش نہیں کریں گے۔