شرکاء ایک دوسرے کو جان کر تعلق قائم کرینگے اور! عائشہ عمر نے لازوال عشق کو سماجی تجربہ قرار دیدیا
لاہور(مسائل نیوز)معروف میزبان اور اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے آنے والے اردو رئیلٹی شو لازوال عشق کو ڈیٹنگ شو قرار دینے والے بیانات کی تردید کی ہے۔
عائشہ عمر نے ایک خصوصی انٹرویو میں واضح کیا کہ بعض میڈیا اداروں نے شو کو غلط طور پر پاکستانی ورژن آف ڈیٹنگ پروگرام کے طور پر پیش کیا جبکہ نہ تو وہ اور نہ ہی پروڈکشن ٹیم نے اسے کبھی اس زاویے سے بیان کیا۔
عائشہ عمر نے کہا کہ یہ شو مغربی رئیلٹی فارمیٹس جیسے لوو آئلینڈ سے متاثر نہیں بلکہ اس کا مقصد معنی خیز گفتگو، طویل مدتی تعلقات قائم کرنا اور شریک حیات تلاش کرنے میں معاونت کرنا ہے جس کا حتمی ہدف شادی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اگرچہ پروموشنل مواد پر رائے مختلف ہو سکتی ہے، یہ پروگرام مکمل طور پر میچ میکنگ کے لیے ہے نہ کہ معمولی یا عارضی تعلقات کے لیے۔
شو کی شوٹنگ ترکی میں ہوئی ہے لیکن یہ پاکستانی ناظرین کے ثقافتی معیار اور روایات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔
- Advertisement -
شرکاء ایک عالیشان ولا میں رہیں گے جس کے الگ فلورز، کمرے اور ڈریسنگ ایریاز ہوں گے جبکہ مشترکہ جگہیں جیسے لاؤنج، کچن اور پول سائیڈ گفتگو اور بات چیت کے مواقع فراہم کریں گی۔
عائشہ عمر نے بتایا کہ پاکستان میں پہلے بھی ایسے فارمیٹس دکھائے جا چکے ہیں جہاں نوجوان ایک ہی جگہ پر رہتے ہیں لیکن اپنی ذاتی حدود کا احترام کرتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ شرکاء کو ہم پہلے سے جوڑا نہیں بناتے۔ جو لوگ شامل ہیں، وہ ایک دوسرے کو جان کر اور گفتگو کے ذریعے تعلق قائم کریں گے اور یہی شو کا بنیادی مقصد ہے۔ کھیل اور سرگرمیاں بھی بنیادی طور پر کمیونیکیشن پر مبنی ہوں گی۔
انہوں نے لازوال عشق کو ایک بصیرت افروز سماجی تجربہ قرار دیا جو نوجوانوں کی بات چیت، تعامل اور رویوں کو پیش کرتا ہے۔
عائشہ عمر نے کہا کہ یہ پروگرام دیکھنے والوں کو یہ سمجھنے میں مدد دے گا کہ نوجوان کیسے بات چیت کرتے ہیں، کس طرح کی غلطیاں کرتے ہیں اور انہیں کس طرح درست کرتے ہیں۔