صدر مملکت اب بھی وزیراعظم کو اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں
اسلام آباد(مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ صدر مملکت اب بھی اعتماد کے ووٹ کا کہہ سکتے ہیں،یہ قومی اسمبلی میں اپنے نمبر پورے نہیں کر پائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے اے آر وائے نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم تو پہلے کہہ رہے تھے کہ استعفے مںظور کریں،اپوزیشن لیڈر،پارلیمانی لیڈر اور چیئرمین پی اے سی کا عہدہ پی ٹی آئی کو دیں۔
قانون کہتا ہے کہ جس پارٹی کے پاس نمبرز سب سے زیادہ ہے اس کا اپوزیشن لیڈر ہو گا،بہتر ہو گا کہ باقی ملک بھی عام انتخابات کی طرف بڑھے۔میرا خیال ہے کہ 10 سے 15 روز میں وفاقی حکومت سے بھی جان چھوٹ جائے گی۔ رہنما تحریک انصاف نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم حکومت نے احمقانہ فیصلے کئے،یہ ہماری گیم میں آ گئے ہیں،800 میں سے 500 نشستوں پر الیکشن ہونے جا رہے ہیں،جن بوتل سے باہر آ گیا ہے اور یہ سنبھال نہیں پائیں گے۔
قبل ازیں فواد چوہدری نے تحریک انصاف کے مزید 35 اراکین کے استعفے منظور ہونے پر ردعمل میں کہا کہ ہمارے استعفیٰ قبول کرنے کا شکریہ لیکن جب تک آپ 70 مزید استعفے قبول نہیں کرتے لیڈر آف اپوزیشن اور پارلیمانی پارٹی کے عہدے تحریک انصاف کے پاس ہی آنے ہیں اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی بھی تحریک انصاف کا حق ہے، انہوں نے کہا امید ہے کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ اس ضمن میں ہمارے زیر التواء کیس میں فیصلہ دیں گے۔
جبکہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے مجھے خط لکھ کر جواب دیا کہ قانون کے مطابق میں ایک ایک ممبر کو بلاؤں گا اور تسلی کروں گا کہ رکن اسمبلی نے جو استعفیٰ دیا ہے وہ اپنی مرضی سے دیا،پھر میں الیکشن کمیشن کو خط لکھوں گا کہ فلاں ارکان کے استعفے منظور کیے جائیں۔انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن کمیشن نے استعفے قبول کرنے ہیں تو پھر 125 ارکان کو ڈی نوٹیفائی کیا جائے۔