کراچی ملیر سےالیکشن جیتنے والے عبدالحکیم بلوچ کا عمران خان کو چیلنج
کراچی (مسائل نیوز) کراچی ملیر سے الیکشن جیتنے والے عبدالحکیم بلوچ نے عمران خان کو کھلا چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو دوبارہ الیکشن لڑنے کا شوق ہے تو میں پھر انہیں شکست دینے کو تیار ہوں۔ اعلامیہ پیپلزپارٹی میڈیا سیل کے مطابق کراچی ملیر سے پی ٹی آئی کو شکست دینے والے پیپلزپارٹی کے امیدوار عبدالحکیم بلوچ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو کھلا چیلنج دے دیا ہے۔
عبدالحکیم بلوچ نے کہا کہ عمران خان کو دوبارہ الیکشن کا شوق ہے تو میں دوبارہ انہیں شکست دینے کو تیار ہوں، میں نے پی ٹی آئی کے چیئرمین کو شکست دی ہے، دوبارہ شکست دینے کو بھی تیار ہوں۔ عبدالحکیم بلوچ نے کہا کہ کراچی کے عوام نے عمران خان کو شکست دے کر اپنا فیصلہ سنا دیا ہے، عمران خان میں ہمت ہے تو دوبارہ میرا مقابلہ کرکے دکھائیں، دھاندلی کا شور مچانے سے عمران خان اپنی شکست کا داغ نہیں مٹاسکتے، پاکستان پیپلزپارٹی نے عمران خان کو دن میں تارے دکھا دئیے اور ابھی تو یہ آغاز ہے۔
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کی تیاری کرتے تھے تو تاریخ تبدیل کردیتے تھے، پھر کہا پولیس نہیں اور سیلاب آگیا ہے، ووٹرز اور سپورٹرز اور قوم کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ہم نے حکومت میں شامل جماعتوں کوشکست دی، ووٹرز کو پتا تھا ہم نے اسمبلی میں نہیں بیٹھنا ، پھر بھی ووٹ دیے، یہ ضمنی انتخابات ریفرنڈم تھا۔
ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی باربار کوشش کی گئی، حکومت میں شامل تمام جماعتوں نے الیکشن لڑا، کراچی میں جو ایک سیٹ ہارے ہیں وہاں پر پیپلزپارٹی نے کھل کر دھاندلی کی، کراچی کی نشست پردوبارہ الیکشن کرانا چاہیے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ چیف الیکشن کمشنر ن لیگ کا خاص آدمی ہے۔ ہم پہلے سے چیف الیکشن کمشنر پرعدم اعتماد کرچکے ہیں کیونکہ وہ غیرجانبدارنہیں رہے۔دوسری جانب الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کے الزامات کے تردید کر دی ہے، انہوں نے کہا ہے کہ جو الزامات مجھ پر لگائے وہ بے بنیاد ہیں،عمران خان کے تمام الزامات کی سختی سے مذمت کرتا ہوں۔ بڑی سیاسی جماعت کے سربراہ کی جانب سے ایسے بیان کی توقع نہیں کرتا تھا۔
[…] (مسائل نیوز) الیکشن کمشنر سندھ اعجاز چوہان نے عمران خان کے الزامات کے تردید کر دی،انہوں نے کہا ہے […]