رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس، نوٹیفکیشن جاری
اسلام آباد(مسائل نیوز)عبادات، رحمتوں اور برکتون سے بھرپور رمضان المبارک کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی کا اجلاس بدھ کے روز پشاور میں طلب کیا گیا ہے، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے بدھ کو ہونے والے اجلاس کا نوٹیفکیشن وفاقی وزارتِ مذہبی امور نے جاری کیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کمیٹی چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کریں گے۔
- Advertisement -
بدھ کے روز ہونے والے مرکزی رویتِ ہلال کمیٹی اجلاس میں رمضان کا چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔ پشاور کے مرکزی اجلاس کے علاوہ ذیلی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں بھی ہوں گے۔
دوسری جانب اسپارکو نے سائنسی شواہد کی بنیاد پر پیشگوئی کی ہے کہ رمضان کا چاند کل 18فروری کو نظر آجائے گا، جس کے نتیجے میں ملک بھر میں پہلا روزہ جمعرات کو ہونے کا قوی امکان ہے۔
خیال رہے کہ رمضان المبارک کے دوران مسلمان روزے رکھتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کی زیادہ سے زیادہ عبادت اور قرآن کی تلاوت کو اپنا معمول بناتے ہیں۔ نماز کی طرح روزہ بھی فرض عبادت ہے تاہم روزہ ہر عاقل و بالغ مسلمان مرد اور عورت پر سال صرف رمضان المبارک کے دوران فرض ہوتے ہیں۔