اسلام آباد (مسائل نیوز) الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج پر عمران خان کیخلاف دہشت گردی کا کیس،عمران خان نے پراسکیوٹر انسداد دہشت گردی عدالت کو درخواست دے دی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے درخواست میں کہا ہے کہ مقدمے سے دہشت گردی کی دفعات حذف کی جائیں،واقعات سامنے رکھ کر دیکھیں تو دہشت گردی کی دفعات مضحکہ خیز ہیں۔
درخواست میں کہا گیا کہ دہشت گردی کی دفعات سپریم کورٹ کے 7 رکنی بنیچ کے فیصلے کی توہین ہے،دہشت گردی قانون مخالفین کو دبانے اور سیاسی مفاد کیلئے ہے جو تباہ کن ہے،دہشت گردی کی دفعات لگانا حکومت کی طرف سے غیر سنجیدگی کا اظہار بھی ہوتا ہے۔ عمران خان نے استدعا کی کہ مقدمے سے دہشدت گردی کی دفعات حذف کی جائیں۔
یاد رہے کہ دو روز قبل انسداد دہشتگردی عدالت نے الیکشن کمیشن کے باہر ہنگامہ آرائی کیس کا فیصلہ سنایا، عمران خان کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر خارج کی گئی۔
- Advertisement -
انسداد دہشت گردی عدالت کے جج راجہ جواد عباس نے فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر خارج کر دی تھی۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت نے عمران خان کو عدالت طلب کیا تھا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج جواد عباس نے الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے عمران خان کی استثنیٰ کی درخواست بھی خارج کردی تھی۔
انسداد دہشتگردی کی عدالت نےعمران خان کو ڈیڑھ بجے تک پیش ہونے کی مہلت دے رکھی تھی۔ الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کے کیس میں عمران خان عبوری ضمانت پر تھے اور عدالت نے حاضری کے لیے عمران خان کو مہلت دے رکھی تھی۔ اب عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کی عبوری ضمانت عدم پیشی پر خارج کردی۔ جبکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے بینکنگ کورٹ کو آئندہ سماعت تک عمران خان کی درخواست ضمانت پر فیصلے سے بھی روک دیا تھا۔