رمضان میں سپلائی کیلئے تیار ہونے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی
لاہور (مسائل نیوز) رمضان میں سپلائی کیلئے تیار ہونے والی جعلی کولڈ ڈرنکس کی بڑی کھیپ پکڑی گئی ، یہ مشروبات غیر فلٹر شدہ پانی، ممنوعہ کھلے رنگوں اور غیر معیاری فلیورز کی مدد سے تیار کیے جا رہے تھے۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب فوڈ اتھارٹی نے لاہور میں ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے رمضان المبارک کے لیے تیار کی جانے والی ہزاروں لیٹر جعلی کولڈ ڈرنکس کی کھیپ پکڑ لی ہے۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سیفٹی ٹیموں نے لاہور کے علاقے باگڑیاں میں ایک خفیہ اطلاع پر چھاپہ مارا ، جہاں صحت دشمن عناصر رمضان کی طلب پوری کرنے کے لیے زہریلی اور جعلی بوتلیں تیار کر رہے تھے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ کارروائی میں 1,400 لیٹر سے زائد تیار شدہ جعلی کولڈ ڈرنکس برآمد کرلیں جبکہ 1,800 خالی بوتلیں قبضے میں لے لی گئیں۔
- Advertisement -
ان کا کہنا تھا کہ جعلی لیبل، 4 بڑے ڈرم، گیس سلنڈر، فلنگ پمپ، کولنگ سسٹم، ڈھکن اور وزن کرنے والا کانٹا ضبط کر لیا گیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ یہ یونٹ انتہائی مضرِ صحت طریقے سے کام کر رہا تھا ، یہ مشروبات غیر فلٹر شدہ پانی، ممنوعہ کھلے رنگوں اور غیر معیاری فلیورز کی مدد سے تیار کیے جا رہے تھے۔
انھوں نے مزید کہا کہ صفائی کے انتظامات انتہائی ناقص تھے اور تیار شدہ محلول کو بغیر ڈھانپے ممنوعہ نیلے ڈرموں میں رکھا گیا تھا تاہم جعلسازی کے اس مکروہ دھندے میں ملوث یونٹ مالک کو گرفتار کر کے اس کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا ہے۔
رمضان المبارک کے قریب آتے ہی اس طرح کے گروہ سرگرم ہو جاتے ہیں، فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف مستند برانڈز اور لیبل شدہ مصنوعات ہی استعمال کریں۔