وزیراعظم دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے
اسلام آباد (مسائل نیوز) وزیراعظم شہباز دو روزہ دورے پر ترکیہ روانہ ہو گئے۔ وزیراعظم ترکیہ کے صدر سے ملاقات کے دوران زلزلے سے انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کریں گے،وزیراعظم زلزلہ متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کریں گے۔ شہباز شریف نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ کوئی بھی ملک خواہ کتنا ہی وسائل کیوں نہ رکھتا ہو اس شدت کی تباہی سے نمٹ نہیں سکتا،اس وقت دنیا کو چاہیے کہ وہ آگے آئے اور دکھی انسانیت کی مدد کرے۔
انہوں نے کہا کہ میں پاکستانی عوام اور حکومت کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ یکجہتی اور حمایت کے پیغام کے ساتھ ترکیہ روانہ ہو رہا ہوں،برادر اسلامی ممالک کے طور ہم ترکیہ،شام کے نقصان کو اپنا سمجھتے ہیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ترکیہ میں زلزلے سے بہت جانی و مالی نقصان ہوا،ترک بھائیوں کی مدد کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے،پاکستان مشکل وقت میں ترکیہ کے ساتھ ہے،اتنی تباہی ہماری آنکھوں نے شاید کم ہی دیکھی ہو گی۔
ترکیہ میں 100 سالہ تاریخ میں بدترین زلزلہ آیا،ترکیہ اور شام زلزلے کے جو مناظر سامنے آ رہے ہیں وہ دل ہلا دینے والے ہیں،ترکیہ شام زلزلے میں ہزاروں لوگ جاں بحق اور لاکھوں بے گھرہو گئے۔ انکا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام ترکیہ اور شام زلزلہ متاثرین کے ساتھ ہیں،ترکیہ پاکستان کا دوست ملک ہے،مشکل میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ حکومت اور نمائندوں کو یقین دلاتے ہیں جہاں تک ممکن ہو سکا مدد سے دریغ نہیں کریں گے، ترکیہ شام میں سردی ہے اور خیموں کی اشد ضرورت ہے،ترکی ائیرفورس کا جہاز اندازہ ہے کہ وہاں پر کتنی مشکل ہو گی،سول سوسائٹی اور مخیر حضرات ترکیہ زلزلہ متاثرین کی مدد کرنے میں حصہ لیں،یقین ہے ترکیہ اور شام جلد اس مشکل وقت سے نکل جائیں گے۔