شہر کے مختلف علاقوں میں قلت آب کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا،ڈپٹی کمشنر کوہلو
کوہلو (ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر قربان مگسی نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے،ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل ناگزیر بن چکی ہے متعلقہ محکمے عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر سن کر فوری حل کو یقینی بنائیں،شہر کے مختلف علاقوں میں قلت آب کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایکسین پی ایچ ای کے ہمراہ واٹرسپلائی منصوبوں کے دورے کے موقع پر گفتگو میں کہی۔
- Advertisement -
ڈپٹی کمشنر کوہلو نے عوامی شکایت پر مختلف پانی فراہم کرنے والے منصوبوں جن میں نیوکلی،ٹاؤن کوہلو،رحم علی مری،ڈگری کالج کوہلو،مری کالونی کا دورہ کیا اس موقع پر ایگزیکٹو انجنیئرپی ایچ ای انجنیئر حنیف زرکون نے ڈپٹی کمشنر کو شہر میں پینے کی پانی فراہم کرنے کے ذرائع کے حوالے سے بریفنگ دی اور نئے منصوبوں پرجاری کام کے بارے میں آگاہی دی۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ شہر میں قلت آب کے حوالے سے عوامی شکایات موصول ہوئی ہیں
ان شکایات کے فوری ازالہ کے لئے ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کو ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے،عوام کو پانی فراہم کرنے والے منصوبوں کو شمسی توانائی پر منتقل کررہے ہیں جس سے صاف پانی وافر مقدار میں دستیاب ہوگی اور عوامی ضروریات آسانی سے پوری ہونگی انہوں نے کہا کہ دو منصوبے تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں ان کی تکمیل سے شہر میں قلت آب کا مسئلہ سو فیصد حل ہوجائے گا،مختلف گلی محلوں میں پائپ لائن بچھا ئی جارہے ہیں جس سے شہرکے تمام علاقوں میں رہائشی افراد کو ان کے دہلیز پر پینے کے صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر سب ڈویژن آفیسر پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ عنایت اللہ مری بھی موجود تھے۔