چمن پولیس کی بڑی کارروائی؛ منظم ڈکیت گینگ بے نقاب، 4 ڈاکو گرفتار، اسلحہ و مالِ مسروقہ برآمد
چمن(مسائل نیوز)چمن پولیس نے خفیہ ادارے کی بروقت اطلاع پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے شہر میں لوٹ مار میں ملوث منظم ڈکیت گینگ کا پردہ فاش کر دیا اور گینگ کے 4 کارندوں کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے 5 موٹر سائیکلیں، 3 پسٹل، ایک ٹی ٹی کوف اور 50 سے زائد چھینے گئے موبائل فون بھی برآمد کر لیے۔ڈی پی او قلعہ عبداللہ عبداللہ چیمہ نے ڈی ایس پی طاہر محمود اور ایس ایچ او ولی کاکڑ کے ہمراہ چمن پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان شہر میں وارداتوں کی متعدد شکایات میں مطلوب تھے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی کوشش ہے کہ عوام کو ہر ممکن تحفظ فراہم کیا جائے، اس لیے شہری کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا واردات کی فورا اطلاع پولیس کو دیں۔ڈی پی او نے واضح کیا کہ سماج دشمن عناصر کے خلاف مزید سخت اور مثر کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں امن اور حفاظت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔