کچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بڑی ہوچکی‘ ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دینا ہوگی؛ چوہدری شجاعت
لاہور(مسائل نیوز) مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بڑی ہوچکی، ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دینا ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق جشن آزادی کی مناسبت سے جاری کردہ اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ یوم آزادی پر ہر ادارے اور طبقے کو عہد کرنا ہو گا کہ ذاتی سیاست پر ریاست کو فوقیت دے، سیاسی اور ذاتی لڑائیوں میں اداروں کو گھسیٹنے سےگریز کریں، ملکی سلامتی کے لیے ہمیں افواج پاکستان کے کام میں ان کا ہاتھ بٹانا ہوگا۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ذاتی فائدے کیلئے منفی پراپیگنڈا کرنے والوں سے ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے، بدقسمتی سےکچھ لوگوں کی انا ملک و قوم سے بھی بڑی ہو چکی ہے، 14 اگست تقاضا کرتا ہے کہ ہم اپنی انا، تکبر اور ہٹ دھرمی چھوڑ کر سیاست پر ریاست کو اہمیت دیں۔
ادھر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ یوم آزادی پرنظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں نہیں بھولیں گے، پاکستان کے 75ویں جشن آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال ہم آزادی کی ڈائمنڈ جوبلی منا رہے ہیں، یہ دن مادر وطن کے حصول کے لیے قائد اعظم کی قیادت میں لاتعداد قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، آج نظریہ پاکستان کی بقا اور مثالی فلاحی ریاست کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
- Advertisement -
صدر مملکت نے کہا کہ افواج پاکستان، سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، افواج پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں نہیں بھولیں گے، شہداء نے مادر وطن کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یوم آزادی پر بھارتی بربریت کے شکار کشمیری بہن بھائیوں کو بھی نہیں بھولنا چاہیے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت کشمیریوں کے حق خود ارادیت کی حمایت جاری رکھیں گے۔