عدالت کا بجلی کی بندش پر سی ای او کے الیکڑک کو گرفتار کرنے کا حکم
کراچی (مسائل نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے بجلی کی بندش پر سی ای او کے الیکڑک کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں بجلی بند ہونے کے معاملے کی سماعت ہوئی، جہاں عدالت نے سی ای او کے الیکٹرک کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی کو وارنٹ کی ایک گھنٹے میں تعمیل کرانے کا حکم دیا اور کہا کہ پولیس سی ای او کے الیکٹرک کو ایک گھنٹے میں لے آئے۔
معلوم ہوا ہے کہ وارنٹ گرفتاری جاری ہونے پر کے الیکٹرک حکام عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ بجلی کےالیکٹرک کی وجہ سے بند نہیں ہے، پورے ملک کا نظام بیٹھا ہوا ہے۔ جس پر جسٹس صلاح الدین پہنور نے کہا کہ سندھ ہائیکورٹ کے الیکٹرک کو ماہانہ 60 لاکھ روپے بجلی کا بل دیتا ہے، بجلی نہیں ہوگی تو عدالتیں کیسے چلائیں؟ بجلی نہیں ہے تو موبائل جنریٹر سے بجلی فراہم کرنا کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، عدالتوں میں بجلی نہ ہونے کی وجہ سے کیسزکی سماعت نہیں ہو پارہی۔
عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ بجلی فراہمی سے متعلق سندھ حکومت اور ورک اینڈ سروسز کا نظام بھی مینول ہے، ہم سندھ حکومت پر انحصار نہیں کر سکتے، ایسی صورتحال میں ججز کیسے کام کریں؟ متبادل بجلی فراہم کرنا بھی کے الیکٹرک کی ذمہ داری ہے، ہمیں کسی چیز سے لینا دینا نہیں ہے، سندھ ہائی کورٹ بل دے رہا ہے تو بجلی کیوں نہیں دے رہے؟ کم ازکم کام کے دنوں میں تو عدالتوں کی بجلی بند نہیں ہونی چاہیے، لکھ کردیں عدالتوں کوبلا تعطل بجلی کی فراہمی کیسے یقینی بنائیں گے۔
دوسری طرف ملک میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سامنے آگئی ، بریک ڈاؤن فیصل آباد میں گٹی گرڈ اسٹیشن میں خرابی سے ہوا، فنی خرابی کے باعث گرڈ اسٹیشن ٹرپ ہوا اور 500 کے وی کی ترسیلی لائنوں میں خرابی ہوئی، جس نے پورا جنوب کا علاقہ لپیٹ میں لے لیا اور اس کے باعث ملتان، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، اندرون سندھ اورکراچی بجلی سے محروم ہوگیا۔
واپڈا ذرائع سے معلوم ہوا کہ گڈو تھرمل پاور ہاؤس میں بھی فنی خرابی ہوئی، جس سے 832 میگاواٹ بجلی پیدا کرنے والے 6 یونٹ ٹرپ ہوگئے جس کی وجہ سے کشمور، سندھ، بلوچستان اور پنجاب کو گڈو تھرمل پاور ہاؤس سے بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ ملک کے جنوبی ٹرانسمیشن سسٹم میں خرابی ہوئی، جس سے متعدد جنوبی پاور پلانٹس مرحلہ وار ٹرپ ہوئے، پاور پلانٹس ٹرپ ہونے سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ آئی، خرابی کی وجہ کی تفتیش کی جارہی ہے، جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل طور پر بحال کردیا جائے گا۔
[…] آباد(مسائل نیوز) ملک میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن کی وجہ سامنے آگئی۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کا حوالہ […]