یوریی یونین کی سفیر کی جشن آزادی پر پاکستان سے اظہارمحبت کی ویڈیو وائرل
اسلام آباد (مسائل نیوز) یوریی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا کی جشن آزادی پر پاکستان سے اظہارمحبت کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مین یورپی یونین کی سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے وطن عزیز کے 75ویں یوم آزادی کے موقع پر شہنائی سے قومی ترانہ بجاکر پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کیا، ڈاکٹر رینا کی جانب سے قومی ترانے کی دھن کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی اور اس نے پاکستانیوں کے دل جیت لیے۔
ٹوئٹر پر یورپی یونین پاکستان کے آفیشل اکاؤنٹ سے جاری کردہ ایک منٹ 31 سیکنڈ دورانیے کی اس منفرد ویڈیو میں پاکستان کے قومی ترانے کی دھن کے ساتھ قومی اہمیت کے حامل مختلف مقامات کی بھی انتہائی خوبصورتی سے عکس بندی کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان کا 75واں یوم آزادی اتوار 14 اگست کو قومی جذبے اور ملی جوش و خروش کے ساتھ منایا جائے گا، دن کا آغاز مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک و قوم کی سلامتی ، خوشحالی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے دعائوں سے ہوگا ،وفاقی دارالحکومت میں31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21،21 توپوں کی سلامی دی جائے گی ، ملک بھر میں مختلف مقامات پر پرچم کشائی کی تقریبات منعقد کی جائیں گی جس میں اہم حکومتی اور سرکاری شخصیات شرکت کریں گی۔
اس کے علاوہ ملک بھر میں جشن آزادی کے سلسلہ میں سیمینارز اور دیگر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جس میں مقررین جدوجہد آزادی کی تحریک میں دی جانے والی قربانیوں پر روشنی ڈالیں گے ، حکومتی ، سرکاری شخصیات اورپاک افواج کے افسران ،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناحؒ اور شاعر مشرق علامہ اقبال ؒ کے مزار مبارک پر حاضری دیں گے اور پھولوں کی چادریں چڑھانے کے بعد فاتحہ خوانی کریں گے ، ملک کے مختلف مقامات پر تحریک آزادی پاکستان کے شہداء کے لئے بھی قرآن خوانی کا اہتمام کیا جائے گا ۔
دوسری جانب گلی محلوں اوربازاروں کو خوبصورت جھنڈیوں اور پرچموں سے سجا دیا گیا ، اہم سرکاری و نجی عمارگوں پر قومی پرچم لہرانے کے ساتھ چراغاں بھی کیا گیا ہے ، ملک بھر میں چھوٹے بڑے بازاروں میں ہر طرف قومی پرچموں کی بہار ہے اور بیجز ، جھنڈیوں اور قومی پرچم کی طرز پر لباس کے سٹالز پر خریداری عروج پر ہے ، تاجروں کی مختلف تنظیموں نے پاکستان کا یوم آزادی بھرپور طریقے سے منانے کے لئے تجارتی مراکز میں ملی نغموں اور قومی ترانے کی دھنیں پیش کرنے کے لئے سائونڈ سسٹم بھی لگا دئیے ہیں، جشن آزادی کے موقع پرپاکستان ٹیلی وژن ،ریڈیو پاکستان سمیت نجی ٹی وی چینلز اور ریڈیو چینلز پر خصوصی پروگرام بھی پیش کئے جائیں گے ۔
ادھر جشن آزادی کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، وفاقی وزارت داخلہ کے احکامات کے بعد تمام صوبوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے سربراہان نے سکیورٹی کے حوالے سے خصوصی انتظامات کی ہدایات جاری کر دی ہیں، اہم شہروں کے داخلی اور خارجی راستوںںپرسکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے چیکنگ کا نظام مزید سخت کر دیاگیا ہے، جشن آزادی کی تقریبات کے مقامات پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے جائیں گے۔