طلبہ کو رعایت پر کتب کی فراہمی نسل نو کی تعمیر میں بہترین کردار ادا کریگی، بشریٰ رند
کوئٹہ (مسائل نیوز) پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی میڈم بشریٰ رند نے بلوچستان میں کتاب کلچر کے فروغ اور طالب علموں کو 50 فیصد رعایتی قیمت پر کتابیں فراہم کرنے پر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان نسل کارشتہ کتابوں سے جوڑ کر انہیں مستقبل کا اچھا معمار بنایا جاسکتا ہے، حکومت نیشنل بک فاﺅنڈیشن کو کوئٹہ میں دفتر کے لیے اراضی اور دیگر سہولیات کا جائزہ لیکر ہرممکن تعاون کریگی۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں کتاب میلے کے موقع پر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے اسٹال کے دورے کے موقع پر نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے ریجنل ڈائریکٹر راحیل بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نیشنل بک فاﺅنڈیشن بلوچستان کے ریجنل ڈائریکٹر راحیل بگٹی نے پارلیمانی سیکرٹری میڈم بشریٰ رند کو بتایا کہ2021 ءمیں نیشنل بک فاﺅنڈیشن نے بلوچستان میں 10 ملین کی کتابیں فروخت کی ہے اور ہمارا ادارہ طلبا وطالبات سمیت تمام طبقات کے لوگوں کو کتابوں پر 50 فیصد رعایت فراہم کرتا ہے تاکہ نسل نو ایک بار پھر کتاب کے ساتھ جوڑ دیا جائے مگر ہمارا کوئٹہ میں اپنا مستقل پلاٹ، دفتر نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور کرایہ کی ادائیگی کرنا پڑ رہی ہے، جس پر پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی بشریٰ رند نے انھیں یقین دہانی کروائی کہ صوبائی حکومت نیشنل بک فاﺅنڈیشن کے علاقائی دفتر اور لائبریری کے قیام کے لیے سرکاری اراضی مختص کرنے کی کوشش کریگی تاکہ بلوچستان کے نوجوانوں کو منفی سرگرمیوں اور سماجی برائیوں سے دور کرنے کے لیے کتاب بینی کی جانب راغب کیا جائے اور اس ضمن میں نیشنل بک فاﺅنڈیشن جیسے اداروں کے ساتھ کوآرڈینیشن کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ قبل ازیں پارلیمانی سیکرٹری برائے ایس اینڈ جی اے ڈی بشریٰ رند نے ممتاز دانشور حکیم بلوچ کی پہلی برسی کے موقع پر کوئٹہ پریس کلب میں منعقدہ دو روزہ کتاب میلے کا افتتاح کیا اور کتابوں کے مختلف اسٹالوں کا وزٹ کرکے کامیاب کتاب میلے کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔
- Advertisement -