استعیٰ کیوں دیا؟ ہاشم ڈوگر نے وزارت داخلہ چھوڑنے کی وجہ بتا دی
لاہور (مسائل نیوز)پنجاب کے وزیر داخلہ کے عہدے سے مستعفی ہونے والے ہاشم ڈوگر نے وزارت چھوڑنے کی وجہ بتا دی۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ میرے استعفے کے حوالے سے غلط خبریں گردش کر رہی ہیں، چیئرمین عمران خان نے کسی بات کا حکم نہیں دیا، میں نے ذاتی وجوہات پر استعفیٰ دیا، عمران خان میرے لیڈر ہیں اور رہیں گے، ہمیشہ عمران خان کا وفادار رہوں گا۔
- Advertisement -
ادھر ہاشم ڈوگر کی جانب سے صوبے کی وزارت داخلہ چھوڑنے کے بعد نئے وزیر داخلہ کے نام کا باقاعدہ اعلان جلد متوقع ہے، عمران خان کی منظوری کے بعد میاں اسلم اقبال کو پنجاب کا وزیر داخلہ بنانے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا۔
قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر نے اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا ، اس حوالے سے ہاشم ڈوگر کی جانب سےایک پیغام کے ذریعے کارکنوں کو اپنے مستعفی ہونے کے فیصلے سے متعلق آگاہ کیا گیا، جس میں ہاشم ڈوگر نے کہا ا کہ آج میں نے ذاتی وجوہات کی بنا پر اپنے عہدے سے استعفٰی دیا ہے، انشاء اللہ آگے بھی پاکستان تحریک انصاف کے ادنی کارکن کے طور پر کام کرتا رہوں گا جب کہ وزیر اعلٰی پنجاب پرویز الہٰی کی جانب سے اس حوالے سے تاحال کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ ہاشم ڈوگر جولائی کے ضمنی الیکشن میں فتح کے بعد پنجاب میں تحریک انصاف کی حکومت دوبارہ قائم ہونے پر صوبے کے وزیر داخلہ بنائے گئے تھے، ہاشم ڈوگر کو وزارت داخلہ کیلئے عمران خان کی جانب سے منتخب کیا گیا تھا، یہ بھی یاد رہے کہ چند روز قبل ہی پنجاب کے وزیر معدنی وسائل بھی مستعفی ہو چکے ہیں، تحریک انصاف کے رہنما لطیف نذر نے وزارت سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی مصروفیات کی وجہ سے وزارت چھوڑنے کا فیصلہ کیا، پارٹی قیادت سے کوئی شکوہ نہیں ہے اور نہ ہی پارٹی سے گلہ ہے، تحریک انصاف کے سٹی صدر فیصل آباد کی حیثیت سے کام کرتا رہوں گے۔