پنجاب کے ہر ضلع میں دل کے مریضوں کیلئے خوشخبری، جانئے کیتھ لیب منصوبہ کیا ہے؟
لاہور(مسائل نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ڈسٹرکٹ کارڈیک کیتھ لیب پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے لیے فوری اقدامات کی ہدایت جاری کر دی ہے۔ وزیراعلیٰ کے ویژن کے تحت پنجاب کے ہر ضلع میں جدید کارڈیک کیتھ لیب قائم کرنے کے منصوبے کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔
ڈسٹرکٹ ہسپتال جہلم کے بعد وزیراعلیٰ کی ہدایت پر جھنگ، میانوالی اور وہاڑی میں کارڈیک کیتھ لیبز جلد فعال کر دی جائیں گی، جبکہ فیز ٹو کے تحت بھکر، چکوال، حافظ آباد، خانیوال، منڈی بہاؤالدین، راجن پور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی کیتھ لیبز فنکشنل کی جائیں گی۔
ضلعی سطح پر قائم کی جانے والی کارڈیک کیتھ لیبز میں انجیوگرافی، انجیوپلاسٹی اور پرائمری پی سی آئی جیسی جدید سہولیات دستیاب ہوں گی۔ منصوبے کے تحت 60 سے 90 منٹ کے اندر ہسپتال پہنچنے والے دل کے مریضوں کی جان بچانا ممکن ہو سکے گا، جبکہ ہارٹ ایمرجنسی کی صورت میں 90 منٹ کے اندر ضلعی کارڈیالوجی مرکز تک رسائی مریض کی زندگی بچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
- Advertisement -
وزیراعلیٰ نے ضلعی کارڈیالوجی سینٹرز میں انٹروینشنل کارڈیالوجسٹ اور تربیت یافتہ طبی عملے کی تعیناتی کے لیے بھی اقدامات شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کیتھ لیب میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹروں کے لیے خصوصی پے پیکیج دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ جدید کیتھ لیبز میں عالمی ایس او پیز کے مطابق امراض قلب کا بہترین علاج فراہم کیا جائے گا، جس سے پیچیدگیوں سے بچاؤ ممکن ہوگا۔ ضلعی سطح پر سہولتوں کی فراہمی سے بڑے شہروں کے ہسپتالوں پر مریضوں کا دباؤ کم ہوگا اور عوام کو دور دراز شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ کبھی تصور بھی نہیں کیا جا سکتا تھا کہ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں جدید کارڈیک کیتھ لیبز قائم ہوں گی، مگر پنجاب کے ہر شہری کو معیاری اور بہترین علاج اس کی دہلیز پر فراہم کرنے کا وعدہ ہر صورت نبھایا جائے گا۔