نازیبا الزامات، کبریٰ خان کے بعد مہوش حیات نے بھی عدالت سے رجوع کر لیا
کراچی(مسائل نیوز) فلمسٹار مہوش حیات نے نازیبا الزامات لگانے پر یوٹیوبر کے خلاف سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا۔مہوش حیات نے دائر درخواست میں موقف اپنایا کہ سوشل میڈیا پر میرے خلاف بے بنیاد مواد پھیلایا جا رہا ہے۔جس سے میری ساکھ، عزت اور شہرت کو نقصان پہنچا۔مہوش حیات نے استدعا کی کہ متعلقہ یوٹیوبر کے خلاف کارروائی کی جائے۔
اس سے پہلے اداکارہ کبریٰ خان بھی اس سلسلے میں عدالت سے رجوع کر چکی ہیں۔درخواست گزار اداکارہ کبریٰ خان کا کہنا تھا کہ یوٹیوبر نے من گھڑت الزامات سے میرے اور دیگر اداکارائوں کے وقار کو مجروح کیا ہے۔وکیل کبری خان کا مؤقف ہے کہ ہتک آمیز مواد ہٹانے کیلئے ایف آئی اے اور پی ٹی اے سے رابطہ کیا گیا ہے۔ سندھ ہائی کورٹ نے کبریٰ خان سمیت چاروں اداکاراؤں کے خلاف سوشل میڈیا پر مواد بلاک کرنے کا حکم دیا ہے۔
گذشتہ روز سندھ ہائی کورٹ میں اداکارہ رابعہ اقبال عرف کبری خان کی میجر (ر) عادل فاروق راجہ کے خلاف دائر کی گئی درخواست پر سماعت ہوئی۔کبری خان کے خلاف مہم چلانے والے سوشل میڈیا اکائونٹس سے متعلق ایف آئی اے نے رپورٹ عدالت میں پیش کردی۔ ایف آئی اے نے رپورٹ میں عدالت کو آگاہ کیا ہے کہ ادارے نے اداکارہ کی درخواست پر کارروائی شروع کردی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ کبری خان کے خلاف مہم چلانے والے تمام اکائونٹس بلاک کرنے کے لیے کیس کو پی ٹی اے میں بھیج دیا گیا ہے اور یوٹیوب، ٹوئٹر، انسٹا گرام سمیت دیگر اکائونٹس بلاک کرنے کا کہا گیا ہے۔عدالت نے درخواست گزار کو ایف آئی اے کی انکوائری میں تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت کو 23 جنوری تک ملتوی کردیا۔یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ایک یوٹیوبر عادل راجا کے نازیبا الزامات پر پاکستانی اداکارہ کبریٰ خان نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مقدمہ دائر کرنے کا عندیہ دیا تھا۔
حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے تھیاور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔عادل راجا نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے۔