اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی شاہراہیں تیسرے روز بھی بند
اسلام آباد(مسائل نیوز) عمران خان پر قاتلانہ حملے کیخلاف پی ٹی آئی کا احتجاج جاری ہے،احتجاج کے باعث اسلام آباد اور راولپنڈی کو ملانے والی شاہراہیں تیسرے روز بھی بند ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مختلف مقامات پر احتجاجی مظاہروں کی وجہ سے مری روڈ،پیرودھائی موڑ،گلزار قائد،اولڈ ائرپورٹ روڈ،سرائے کال چوک ٹیکسلا اور موٹر وے ایم ٹو اسلام آباد لاہور ٹول پلازہ کے قریب سے بند کیے گئے ہیں۔
یوم اقبال کی تعطیل کے باعث تعلیمی ادارے،سرکاری اور نجی دفاتر بند ہیں لیکن روز مرہ کے معمولات زندگی کیلئے جڑواں شہروں میں آمد رفت کیلئے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔راولپنڈی کے علاقے شمس آباد پر پی ٹی آئی کا احتجاجی کیمپ جاری ہے،احتجاج کے باعث مری روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند ہے جبکہ مری روڈ سے سفر کرنے والے سروس روڈ اور گلیوں سے سفر کرنے پر مجبور ہیں۔
تحریک انصاف کے کارکنوں کا پیر ودھائی کے مقام پر احتجاجی کیمپ لگا ہوا،پیرودھائی اڈے پر ٹینٹ لگانے سے تجارتی اور سفری سرگرمیاں شدید متاثر ہیں جبکہ جی ٹی روڈ سواں پل کے قریب پی ٹی آئی کے دھرنے کی وجہ سے مال بردار گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔ ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پیرودھائی موڑ سے آئی جی پی روڈ اور سلپ ٹرن سے راولپنڈی روڈ بند ہے۔
پرانا ایئرپورٹ روڈ پر بھی گلزار قائد سے دونوں اطراف ٹریفک ہے۔مظاہرین نےسواں پل سے راولپنڈی آنے والی ٹریفک بھی روک رکھی ہے جبکہ روات جانے والی شاہراہ پر دو طرفہ ٹریفک چلائی جا رہی ہے۔جی ٹی روڈ رتہ شاہ مارگلہ کے مقام پر دونوں اطراف سے بند ہے اور سرائے کالا چوک کو بھی پی ٹی آئی نے بلاک کر رکھا ہے تاہم مال روڈ اور پشاور روڈ سمیت شہر کی دیگر اندرونی شاہراہیں ٹریفک کیلئے کھلی ہیں۔