لاہور (مسائل نیوز) سابق وزیر خارجہ اور وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے ایک مرتبہ پھر عمران خان پر قاتلانہ حملے کے مقدمے کو مسترد کردیا۔ جیو نیوز کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جب تک رانا ثناء اللہ بیٹھے ہیں انصاف نہیں ہوسکتا،ہماری ساری توجہ قاتلانہ حملے کے مقدمے پر ہے کیونکہ مدعی کی بات سنے بغیر مقدمہ درج کیا گیا۔
انکا کہنا تھا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پرحملے کی درج ایف آئی آر قابل قبول نہیں،مقدمہ متاثرین کی مرضی کے مطابق ہونی چاہیے،جبکہ وزیر آباد واقعہ کیخلاف ملک بھر میں احتجاج جاری ہے۔ دوسری جانب وزیرآباد واقعہ میں زخمی ہونے والے تحریک انصاف کے رہنما احمد چٹھہ سے ان کی رہائش گاہ پر عیادت کے بعد بات چیت کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حقیقی آزادی مارچ کا دوبارہ آغاز قاتلانہ حملے والے مقام سے ہوگا۔
وزیر آباد واقعہ کے بعد عوام زیادہ پُرجوش ہیں،حقیقی آزادی مارچ کا دوبارہ آغاز قاتلانہ حملے والے مقام سے ہوگا۔پہلے سے زیادہ عوام مارچ میں شرکت کریں گے،وزیرآباد کے عوام کثیر تعداد میں شرکت کر کے حملہ آوروں کو منہ توڑ جواب دیں گے۔ احمد چٹھہ عمران خان کے کنٹینر پر حملے کے دوران زخمی ہو گئے تھے۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ احمد چٹھہ کی بہادری قابل ستائش ہے۔
قبل ازیں گجرات پولیس نے وزیر آباد واقعہ کے حوالے سے وضاحتی بیان جاری کیا جس میں شواہد ضائع ہونے کے دعویٰ یا تاثر کو مسترد کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا کہ افسوسناک سانحہ کے بعد پولیس نے تھانہ سٹی وزیر آباد کے روزنامچہ میں حسب ضابطہ رپورٹ درج کیا اور مضروبان کے ایم ایل او حاصل کئے جبکہ جاں بحق ہونے والے شہری معظم کا پوسٹ مارٹم کرایا۔
Get real time updates directly on you device, subscribe now.
Next Post