خوردنی اشیاءکے معیار پر سمجھوتہ ہر گز نہیں ہوگا،نعیم بازئی
کوئٹہ (ویب ڈیسک)ڈائریکٹر جنرل بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے کہا ہے کہ بی ایف اے کی کارروائیوں کا مقصد کسی کا کاروبار بند کرنا نہیں تاہم خوردنی اشیاءکے معیار پر سمجھوتہ ہر گز نہیں ہوگا، قوانین کے مطابق فوڈ بزنس آپریٹرز بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے لائسنس حاصل کرنے کے پابند ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آل کوئٹہ ملک شاپس اینڈ ملک سپلائرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
- Advertisement -
ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے کا کہنا تھا کہ اشیاءخوردونوش کا معیار بہتر بنانے میں ہی ہم سب کی بہتری ہے، لائسنس کی موجودگی کاروبار قانون کے مطابق ہونے کی ضمانت ہے اور فوڈ بزنس لائسنس ہولڈر ہی خوراک کے معیار کو بہتر بناتا ہے، ملاقات میں اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ 10 مارچ 2022, تک تمام ملک شاپس اور ملک سپلائرز بی ایف اے سے لائسنس حاصل کرنے کے پابند ہونگے جس کے بعد بغیر لائسنس کسی کو دودھ کے کاروبار کی اجازت نہیں ہوگی۔
اس ضمن میں ڈی جی بلوچستان فوڈ اتھارٹی محمد نعیم بازئی نے آل کوئٹہ ملک شاپس اینڈ ملک سپلائرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نمائندوں کو بتایا کہ کوئی بھی ملک شاپ اونر یا سپلائر اپنے مراکز کا دودھ بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے ٹیسٹ کروانا چاہے،تو وہ مقررہ فیس ادا کرکے بی ایف اے سے دودھ کا معیار چیک کرواسکتا ہے۔ وفد نے ڈائریکٹر جنرل کو کوئٹہ شہر کی عوام کو ملاوٹ سے پاک دودھ کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ایسوسی ایشن کا نمائندہ وفد صدر حاجی ولایت شاہ، سینئر نائب صدر عابد خان جدون اور جنرل سیکرٹری ریاض احمد گجر پر مشتمل تھا۔