MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

کوئٹہ میں پی ٹی آئی جلسے سے قبل موبائیل انٹرنیٹ سروس بند، راستے سیل، سیکیورٹی ہائی الرٹ

0 91

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ (مسائل نیوز) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے آج ہاکی گراؤنڈ میں مجوزہ جلسے سے قبل شہر میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی کشیدہ ہو گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر شہر کے مختلف داخلی و خارجی راستے سیل کر دیے ہیں جبکہ موبائل انٹرنیٹ سروس بھی مکمل طور پر معطل کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق طور ناصر پھاٹک، کوئلہ پھاٹک، سریاب روڈ، ریڈ زون اور ایوب اسپورٹس کمپلیکس کے اطراف میں ٹرک اور کنٹینرز لگا کر راستے بند کر دیے گئے ہیں۔ سول سیکرٹریٹ اور ریڈ زون جانے والے تمام راستے بھی سیل کر دیے گئے ہیں جس سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق صوبے بھر میں ایک ماہ کے لیے دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت کسی بھی قسم کے عوامی اجتماع، جلسے یا دھرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی وجوہات کے باعث پی ٹی آئی کے جلسے کے اجازت نامے کو مسترد کر دیا ہے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی اور تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان کے رہنماؤں نے اعلان کیا ہے کہ وہ کسی بھی صورت آج ہاکی گراؤنڈ میں جلسہ کریں گے۔ شہر میں سیکیورٹی ادارے ہائی الرٹ پر ہیں جبکہ مختلف علاقوں میں پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث شہریوں، کاروباری طبقے اور طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ اسکول اور کالج جانے والے طلبا کو راستے بند ہونے کی وجہ سے دشواری پیش آئی جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور امن و امان قائم رکھنے میں تعاون کریں۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.