پاک فوج کے افسران اور جوان بلوچستان میں سیلابی صورتحال میں مصروف عمل ہیں ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے،عبدالرحمن کھیتران
کوئٹہ(مسائل نیوز) بلوچستان عوامی پارٹی کے ترجمان اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے کے تناظر میں سوشل میڈیا پر کئے جانے والے منفی پروپیگنڈہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے منفی پروپیگنڈوں سے ملکی سالمیت کو خطرات اور نقصان پہنچ سکتا ہے، جو عناصر یہ پروپیگنڈہ کررہے ہیں وہ پاکستان کے خیر خواہ نہیں۔ اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات سردار عبدالرحمن کھیتران کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے افسران اور جوان بلوچستان میں سیلابی صورتحال میں مصروف عمل ہیں ہمیں ان کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے۔ پاک افواج کے جوانوں نے ہر مصیبت کی گھڑی میں اپنی خدمات پیش کیں اور قوم کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہوئے، ہمیں اپنی پاک افواج پر فخر ہے۔ انہوں نے کہاکہ لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر کے حادثے میں ہم سے پاک افواج کے بہترین آفیسرز جدا ہوئے۔ قوم حالت غم اور شہدائکے لواحقین سوگ میں ہیں ایسے میں سوشل میڈیا پر بعض عناصر کا منفی پروپیگنڈہ قوم او رسوگوار خاندانوں کے غم میں مزید اضافے کا باعث بنا ہے جوکہ ملکی سالمیت کے لئے بھی بڑا نقصان ہے۔انہوں نے مزید کہاکہ اس منفی پروپیگنڈے سے ملک دشمن عناصر اور پاکستان مخالف قوتوں کو تقویت ملی ہے۔ ایسے منفی پروپیگنڈے میں ملوث عناصر کسی بھی طرح ملک کے خیر خواہ نہیں، میری قوم سے اپیل ہے کہ ان ملک دشمن عناصر کو بے نقاب اور ان کامحاسبہ کیا جائے پاکستان کے 24کروڑ عوام آج بھی اپنی پاک افواج پر فخر کرتے ہیں پاک افواج اور پاکستانی عوام کے درمیان باہمی محبت و احترام اور اعتماد آج بھی قائم و دوائم ہے اور ان دونوں کو دنیا کی کوئی بھی طاقت ایک دوسرے سے دور نہیں کرسکتی۔ پاکستان کی 24کروڑ عوام پاک افواج کے ساتھ ہے اور ہمیشہ ساتھ رہے گی۔ منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو منہ کی کھانی پڑیگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ منفی پروپیگنڈہ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لاکر قرار واقعی سزا دی جائے آخر میں انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک آرمی کے افیسران کو بلند درجات کی دعا کرتے ہوئے کہاکہ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطائفرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطائفرمائے۔