ظہران ممدانی نے نیویارک کے شہریوں سے کیا کیا وعدے کر رکھے ہیں؟ جانیے تفصیل
نیویارک(مسائل نیوز)نو منتخب میئر ظہران ممدانی نے نیویارک کے شہریوں سے کیا کیا وعدے کر رکھے ہیں، ان کی تفصیل سامنے آگئی ہے۔
اب جب وہ نیویارک سٹی کے اگلے میئر منتخب ہو چکے ہیں، تو یہ جمہوری سوشلسٹ اپنے وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔
34 سالہ ظہران ممدانی، جو کوئینز سے تعلق رکھتے ہیں، نے کرایہ داروں، ٹرانسپورٹ صارفین اور نوجوان خاندانوں پر مشتمل ایک مضبوط اتحاد بنایا۔ وہ بھارتی نژاد والدین کے بیٹے ہیں جو یوگنڈا سے امریکا ہجرت کر گئے تھے۔ ان کی مہم کا مرکزی خیال یہ تھا کہ حکومت کو عام شہریوں کے اُن روزمرہ اخراجات کا بوجھ بانٹنا چاہیے جو انہیں غربت کے قریب لا کھڑا کرتے ہیں۔
ممدانی نے نیویارک کے عوام سے کیا کیا وعدے کر رکھے ہیں، ان میں سے چند یہ ہیں، کرایہ پر قابو رکھنے والے لاکھوں اپارٹمنٹس کے کرایے منجمد کرنا اور مستقل طور پر سستے مکانات کی تعمیر کے لیے بڑے پیمانے پر منصوبے شروع کرنا۔
- Advertisement -
شہر میں بسوں کو مکمل طور پر کرایہ فری (مفت) بنانا، ان کے لیے ترجیحی لینز اور تیز رفتار انفراسٹرکچر متعارف کرانا۔
6 ہفتے سے 5 سال تک کے بچوں کے لیے یونیورسل چائلڈ کیئر فراہم کرنا اور چائلڈ کیئر ورکرز کی تنخواہوں میں اضافہ کرنا۔
پولیس کے بجائے ایک نئے “ڈیپارٹمنٹ آف کمیونٹی سیفٹی” کے ذریعے ذہنی صحت کے بحران، تشدد کی روک تھام اور سماجی مسائل سے نمٹنے کے اقدامات کرنا۔
امیروں پر 2 فیصد فلیٹ ٹیکس (ایک ملین ڈالر سے زیادہ کمانے والوں پر) اور کارپوریشنز پر ٹیکس بڑھا کر تقریباً 11.5 فیصد تک لے جانا تاکہ ان منصوبوں کے لیے مالی وسائل مہیا کیے جا سکیں۔
یہ ان کے چند اہم اور بڑے وعدے ہیں، دیکھنا یہ ہے کہ یہ بظاہر مشکل دکھائی دینے والے وعدے وہ کیسے نبھاتے ہیں، ویسے مشکل تو ان کا میئر بننا بھی نظر آ رہا تھا، وہ مشکل سر ہوجانے کے بعد وعدے نبھانے کی مشکل بھی بہت سے لوگوں کیلئے زیادہ مشکل دکھائی نہیں دے رہی۔