اسلام آباد (قدرت روزنامہ) قومی اسمبلی کے 9 حلقوں کے لیے الیکشن کمیشن کا جاری کردہ انتخابی شیڈول عدالت میں چیلنج کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ کے توسط سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کی، جس میں انتخابی شیڈول معطل کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔ اس مقصد کے لیے درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی اراکین کے استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر التواء ہے، عدالت 4 اگست کو درخواست پر سماعت کرکے نوٹس جاری کر چکی ہے، اس لیے الیکشن کمیشن کا 5 اگست کو جاری کردہ شیڈول معطل کیا جائے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں ضمنی انتخاب کا اعلان کردیا ہے، ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخاب این اے 22 مردان 3 ، این اے 24 چارسدہ 2، این اے 31 پشاور5 ، این اے 45 کرم 1، این اے 108 فیصل آباد، این اے 118 ننکانہ صاحب 2، این اے 237 ملیر 2، این اے 239 کراچی 1 اور این اے 246 کراچی جنوبی 1 میں ہوگا۔
ترجمان کے مطابق قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 25 ستمبر کو ہوگی جب کہ کاغذات نامزدگی 10 اگست سے 13 اگست تک جمع کروائے جاسکتے ہیں، الیکشن کمیشن کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 17 اگست کو کرے گا۔
- Advertisement -
ان حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری ہونے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑنے کا فیصلہ کیا اور کہا کہ موجودہ حکمرانوں کا ہر میدان میں مقابلہ کروں گا، چیئرمین پی ٹی آئی اور سابق وزیراعظم عمران خان نے یہ بات سینئر صحافیوں اور اینکرز سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہی، سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ الیکشن رواں سال ہوں گے لیکن یہ مجھے سنگل آؤٹ کرنا چاہتے ہیں، موجودہ حکمرانوں کا ہر میدان میں مقابلہ کروں گا۔
انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے 9 حلقوں میں خود الیکشن لڑوں گا۔ دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کیلئے سابق وزیراعظم عمران خان کو نوٹس جاری کردیا ہے، نوٹس میں عمران خان کو 18اگست کو پیش ہونے کا کہا گیا ہے، نااہلی ریفرنس میں عمران خان پر توشہ خانہ کے تحفے گوشوارے میں ظاہر نہ کرنے کا الزام لگایا گیا ہے۔