شہباز گل کی گاڑی کو حادثہ، ق لیگ نے تشویش کا اظہار کر دیا
اسلام آباد(مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی گاڑی کو پیش آنے والے حادثے پر ق لیگ کے رہنماؤں نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ شہبازگل کی گاڑی کو حادثہ باعث تشویش ہے،جبکہ مونس الہیٰ نے مطالبہ کیا کہ حکومت واقعہ کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں کا تعین کرے۔پرویزالہٰی اور مونس الہٰی نے شہبازگل کو ٹیلیفون کر کے خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہبازشریف نے ڈاکٹر شہبازگل کو موٹر وے پر پیش آنے والے حادثے کا نوٹس لیتے ہوئے حادثے کی تحقیقات کرانے کا حکم دیا۔وزیراعظم شہبازشریف نے ڈاکٹر شہباز گل کے زخمی ہونے پر اظہار ہمدردی اور افسوس کیا اورمتعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں۔
وزیراعظم نے ڈاکٹر شہبازگل اور دیگر زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی کی ہدایت بھی کی۔
- Advertisement -
دوسری جانب شہباز گل کے ساتھ موٹروے پر پیش آنے والے حادثے اور مبینہ طور پر ایک گاڑی کی جانب سے ٹکر مارے جانے کے معاملے پر موٹروے پولیس کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔ جیو نیوز کے مطابق موٹروے پولیس کا بتانا ہے کہ شہباز گل کی گاڑی سے ٹکر لگنےکے بعد گاڑی کا ڈرائیور رکنے کے بجائے فرار ہوگیا، گاڑی کے مالک کی بھی شناخت کرلی گئی ہے۔ متعلقہ شخص تک جلد پہنچ جائیں گے، موٹروے کے افسران پرمشتمل ٹیم تحقیقات کر رہی ہے۔
اس سے قبل تحریک انصاف شہباز گل کی جانب سے بھی موٹروے واقعے سے متعلق رد عمل دیا گیا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں شہباز گل نے کہا کہ مجھ پر قاتلانہ حملہ کروانے والوں کو بتانا چاہتا ہوں اپنے مولا اور قوم کی دعاؤں کی وجہ سے زندہ ہوں۔ میری گاڑی کا پیچھا کر کے جان بوجھ کر ہٹ کیا گیا۔ یہ ایک منصوبے کے تحت کیا گیا میں نے کل ہی کہا تھا کہ کیا زیادہ سے زیادہ آپ ہمیں قتل کروا دیں گے ؟ کروا لیں غداری نہیں کروں گا۔
سابق وزیر اعظم کے سابق معاون خصوصی نے مزید کہا کہ خان کے ساتھ کھڑا تھا کھڑا ہوں اور کھڑا رہوں گا۔میں آج قوم کو بتانا چاہتا ہوں یہ خان پر بھی حملہ آور ہوں گے۔ یہ ہر قیمت پر ہمیں چپ کروانے کی کوشش کریں گے۔ بیرونی سازش اس کے لوکل ہینڈلرز اور غداروں کو یہ پتہ ہے کہ خان اور اس کے ساتھی چپ نہیں بیٹھیں گے، انشاللہ سب کو بے نقاب کریں گے۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز سابق معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو خوفناک حادثہ پیش آیا ہے جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔
اے آر وائے نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر شہباز گل کی گاڑی کو موٹروے پر حادثہ پیش آیا جس کے باعث زخمی ہوگئے۔ حادثے کے بعد ڈاکٹر شہباز گل نے بتایا کہ میری گاڑی الٹ گئی جس سے زخمی ہوا ہوں۔ اس حوالے سے ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شہباز گل کی گاڑی مکمل طور پر الٹ گئی۔رپورٹ کے مطابق واقعہ سوچی سمجھی سازش معلوم ہوتا ہے کیونکہ شہباز گل کی گاڑی کو پیچھے سے ٹکر ماری گئی ہے۔
[…] آباد پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر تحریک انصاف کے رہنما شہبازگل کے ڈرائیور کو گرفتار کرلیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈرائیور کے اہلِ […]