نئی نسل کے ساتھ کیا مسئلہ ہے،پڑھنا کیوں نہیں چاہتے
لاہور(مسائل نیوز) صوبائی وزیر تعلیم مراد راس کا کہنا ہے کہ ہم بھی اس موسم میں اسکول جاتے تھے۔ والدین، اساتذہ اور طلبہ مزید تعطیلات کیوں چاہتے ہیں؟۔تفصیلات کے مطابق اسکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے چھٹیوں کے معاملہ پر مشاورت مکمل کرلی۔ موسم سرما کی چھٹیاں مزید نہ بڑھانے کا حتمی فیصلہ کیا گیا۔اسکول ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بچوں کے امتحانات کے باعث سکولوں میں چھٹیاں بڑھانا درست نہیں۔
تعلیمی ادارے 9 جنوری سے ہی کھلیں گے۔وزیر تعلیم پنجاب مراد راس نے تعلیمی اداروں میں موسم سرما کی مزید تعطیلات دینے کے مطالبے پر ردِعمل دیتے ہوئے کہا کہ آخر والدین، اساتذہ اور طلبہ موسم سرما کی مزید تعطیلات کیوں چاہتے ہیں؟۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم اسی موسم میں اسکول جاتے تھے اور کبھی شکایت نہیں کی۔
صوبائی وزیر نے کہا نئی نسل کے ساتھ کیا مسئلہ ہے، کوئی کچھ کرنا نہیں چاہتا، خاص طور پر پڑھنا۔
- Advertisement -
خیال رہے کہ گذشتہ روز یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ پنجاب میں سردی کی شدت میں اضافے کے بعد سکولوں میں ایک ہفتہ مزید چھٹیاں بڑھائے جانے کا امکان ہے ، چھٹیاں 9 جنوری سے 15جنوری تک بڑھائی جائیں گی۔ چھٹیوں میں ایک ہفتہ توسیع دینے کا فیصلہ والدین کے شدید مطالبے پر کیا جائے گا۔اس سے قبل سکولوں میں صرف 8 جنوری تک چھٹیاں دی گئی تھیں۔تاہم والدین کا سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے ایک ہفتہ مزید چھٹیاں بڑھانے کا مطالبہ سامنے آیا تھا۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ چھٹیاں بڑھانے کے حوالے سے تمام تر صورتحال کا جائزہ لیا گیا جس کے بعد چھٹیاں نہ بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا۔اس سے قبل بھی سردی کی وجہ سے پنجاب کے تعلیمی اداروں کیلئے موسم سرما کی تعطیلات میں اضافہ کیا گیا تھا۔