دُعا زہرہ اور شوہر پنجاب میں گرفتار، سندھ پولیس کے سپرد
لاہور(مسائل نیوز)سندھ سے پنجاب آ کر شادی کرنے والی دُعا زہرا کو اس کے شوہر کے ہمراہ حراست میں لے لیا گیا ہے۔
پنجاب پولیس کے بیان کے مطابق دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر کو پولیس نے بہاولنگر، چشتیاں سے حراست میں لیا۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کامران عادل نے بتایا کہ لاہور ہائی کورٹ نے پولیس کو نوجوان جوڑے کو عدالت میں پیش کرنے کے لیے 10 جون تک پابند کیا تھا۔
- Advertisement -
کامران عادل کے مطابق ایس ایس پی انوسٹی گیشن کی سربراہی میں سی آئی اے لاہور نے دعا زہرا کو ٹریس کرنے کے لیے مختلف ٹیمیں تشکیل دے رکھی تھیں۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کا کہنا تھا کہ سرچ ٹیموں نے مختلف شہروں میں آپریشن کرتے ہوئے دعا اور اس کے شوہر کو چشتیاں بہاولنگر سے حراست میں لے لیا۔
پولیس افسر نے بتایا کہ دعا زہرا اور اس کے شوہر ظہیر نے اپنے بھائی کے سسرال میں رفیع نامی بینک ملازم کے گھر پناہ لے رکھی تھی۔
پنجاب پولیس کے ترجمان نے تصدیق کی کہ دعا اور اس کے شوہر کو کراچی پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔