MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

عمران خان کے سندھ جانے کے اعلان پر پیپلزپارٹی کا چیلنج

0 210

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کراچی (مسائل نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے صوبہ سندھ جانے کے اعلان پر پیپلزپارٹی نے انہیں چیلنج دے دیا۔ اے آر وائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما اور وزیر توانائی سندھ امتیازشیخ نے کہا کہ اگر سندھ میں پی ٹی آئی کو امیدوار بھی مل جائے تو سیاست چھوڑ دوں گا، سیاست میں مذاکرات سے کوئی انکار نہیں کرتا، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات سے دور بھاگ رہی ہے اورالزامات لگاتی ہے، الزامات پہلے ہی لگادیئے جائیں تو ایسے میں کوئی بات نہیں ہوتی، عمران خان مشروط مذاکرات کی بات کریں گے تو ایسے میں بات کیسے ہوسکتی ہے؟۔
انہوں نے کہا کہ سیاست ہے ہی مذاکرات کا نام جس میں مل بیٹھ کر مسائل کا حل نکالا جاتا ہے، انتخابات کی تاریخ متعین ہے پی ٹی آئی مذاکرات چاہتی ہے تو آئے بات کرے، معیشت سے متعلق فیصلے عوام پر چھوڑ دیں کہ وہ کیا فیصلہ کرتے ہیں، ہم مانتے ہیں مشکل حالات ہیں لیکن یہ ہمیں ورثے میں ملے ہیں، پی ٹی آئی نے8 ماہ سے پورے ملک میں انتشار پھیلایا ہوا ہے، معیشت میں غیریقینی صورتحال پیدا کی گئی جس کی ذمہ دار صرف پی ٹی آئی ہے۔
امتیازشیخ نے کہا کہ پہلے جب ہم الیکشن کا مطالبہ کیا کرتے تھے اس وقت تو عمران خان بھاگتے تھے، ایسا نہیں ہوسکتا کہ صرف عمران خان کے مطالبے پر الیکشن کرادیں، پی ٹی آئی کہتی ہے بات کریں تو دوسری طرف اسمبلیاں توڑنے کی دھمکی دیتی ہے، پی ٹی آئی نے اسمبلیاں توڑنی ہے تو توڑ دیں ہمارے پاس جواب بھی ہے، حکومت نے فیصلہ کرنا ہے الیکشن کس وقت ہونے چاہئیں۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے سندھ جا کر آصف زرداری کو الیکشن میں شکست دینے کا اعلان کیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے نجی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ قیامت کی نشانی ہے زرداری کہہ رہا ہے مجھے نیب کے ذریعے جیل ہوگی، اس کی کرپشن پر تو کتابیں لکھی ہوئی ہیں، سندھ جاکر زرداری کو شکست دوں گا، اگر ملک ڈیفالٹ ہوجائے تو سب سے بڑا مسئلہ سکیورٹی کا آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اور زرداری کو جب موقع ملتا ہے باہر بھاگ جاتے ہیں، قیامت کی نشانی ہے کہ آصف زرداری کہہ رہا ہے کہ مجھے نیب کے ذریعے جیل ہوگی، دنیا میں آصف زرداری کی کرپشن پر کتابیں لکھی ہوئی ہیں، یہ ان کی خواہشیں ہیں کہ میں جیل چلا جاؤں، میں سندھ میں جاکر زرداری کو شکست دوں گا، اب تک ہم پھنسے ہوئے تھے پوری طرح مہم چلانے کا موقع نہیں ملا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.