گردی جنگل کا پورا علاقہ عوامی مفاد میں استعمال ہونا چاہیے،ملک دلمراد محمد حسنی
چاغی(مسائل نیوز)سابق ڈسٹرکٹ ممبر چاغی ملک دلمراد محمد حسنی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ گردی جنگل کا پورا علاقہ عوامی مفاد میں استعمال ہونا چاہیے۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ اس وسیع علاقے کو صاف کرکے یہاں ایک جدید ہسپتال اور پولی ٹیکنک کالج قائم کیا جائے، تاکہ مقامی نوجوانوں کو صحت کی بہتر سہولیات کے ساتھ ساتھ تکنیکی تعلیم اور روزگار کے مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ منصوبہ بظاہر مشکل نظر آتا ہے، لیکن وہ اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہیں کہ یہ خواب جلد حقیقت کا روپ دھارے۔ ملک دلمراد حسنی نے واضح کیا کہ یہ زمین عوام کی امانت ہے۔ ماضی میں حکومت نے اسے مہاجرین کے لیے مختص کیا تھا اور اب دوبارہ سرکاری تحویل میں موجود ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کوئی بھی فرد اس زمین کو اپنی ذاتی ملکیت قرار نہ دے، کیونکہ ماضی میں کچھ لوگوں نے ذاتی مفاد کی خاطر عوام کو دھوکا دے کر مالی فائدہ اٹھانے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ زمین پہلے بھی سرکاری تھی اور اب بھی حکومت بلوچستان اور عوام کی ملکیت ہے۔ملک دلمراد حسنی نے مطالبہ کیا کہ گردی جنگل کے پورے علاقے کو صاف کرکے ایک مکمل ہسپتال اور پولی ٹیکنک کالج قائم کیا جائے تاکہ لوگوں کو اپنے ہی علاقے میں تعلیم و روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔انہوں نے بتایا کہ بعض عناصر اس زمین پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں، حالانکہ حقیقت یہ ہے کہ یہ زمین سرکاری ملکیت اور عوام کی امانت ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکریٹری اور دیگر اعلیٰ حکام سے پرزور اپیل کی کہ اس وسیع علاقے کو فوری طور پر عوامی فلاح کے منصوبوں کے لیے استعمال میں لایا جائے۔آخر میں انہوں نے کمانڈنٹ دالبندین، ونگ کرنل چاغی لجے کاریز، ڈپٹی کمشنر چاغی، اسسٹنٹ کمشنر چاغی، ڈی پی او چاغی، ایس پی چاغی اور ایس ایچ او چاغی سے درخواست کی کہ صوبائی حکومت کی باضابطہ منظوری تک کسی بھی قبضہ گروپ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے اور بندات یا کسی بھی قسم کی اراضی پر غیرقانونی قبضہ کی اجازت نہ دی جائے۔