خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے،ربابہ بلیدی
کوئٹہ (ویب ڈیسک)بلوچستان اسمبلی میں ویمن پارلیمنٹرین فورم کی چیئرپرسن ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا ہے کہ خصوصی افراد کے حقوق کا تحفظ ہم سب کی ذمہ داری ہے دستیاب اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں 10 سے 12 فیصد افراد خصوصی ہوتے ہیں پاکستان میں خصوصی افراد کو معاشرے میں باوقار مقام دلانے کیلئے ہر طبقے کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا احساس پروگرام میں چار لاکھ خصوصی افراد کی رجسٹریشن کی جاچکی ہے
اور حکومت کی جانب سے 2 ملین خصوصی افراد کے لئے فی کس دو ہزار روپے کا وظیفہ مقرر کیا گیا ہے جس میں خاطر خواہ اضافے کی تجویزرکھی گئی ہے دیگر صوبوں کی نسبت بلوچستان میں خصوصی افراد زیادہ پریشانی اور مصائب کا شکار ہیں جس کے تدارک کیلئے سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات ناگزیز ہیں
ان خیالات کا اظہار انہوں نے خصوصی افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کیا ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی نے کہا کہ خصوصی افراد کو مساوی ترقیاتی مواقع دینا کسی بھی معاشرے کے صحت مند ہونے کی دلیل ہوتی ہے ہم سب کو خصوصی افراد کی مدد کیلئے عملی اقدامات میں اپنا حصہ ڈالنا چاہیے کیونکہ خصوصی افراد کوتعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کر کے انہیں معاشرے کا مفید شہری بنایا جاسکتا ہے