MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

سریاب دھماکہ معصوم جانوں پر حملہ اور قومی المیہ ہے، میر عبدالقدوس بزنجو

0 116

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

کوئٹہ(مسائل نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما، سابق وزیر اعلی بلوچستان اور موجودہ سینیٹر میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر بلوچستان نیشنل پارٹی کے جلسے کے قریب پیش آنے والے خودکش دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے انسانیت سوز سانحہ اور بلوچستان کے امن پر حملہ قرار دیا۔میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ شرپسند عناصر بے گناہ شہریوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں، جو بزدلانہ اور مذموم عزائم کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ صرف بی این پی کے کارکنوں پر نہیں بلکہ بلوچستان کی سیاسی اور جمہوری فضا کو مسموم کرنے کی منظم کوشش ہے، جسے کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے حکومت اور سیکیورٹی اداروں سے مطالبہ کیا کہ دھماکے میں ملوث عناصر اور ان کے سہولت کاروں کو فوری گرفتار کر کے عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے۔ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ معصوم جانوں پر حملہ ناقابل معافی جرم ہے اور صرف مذمت کافی نہیں، عملی اقدامات ضروری ہیں تاکہ ایسے سانحات کا تدارک ممکن ہو۔انہوں نے شہدا کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا گو ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہر قسم کی دہشت گردی کے خلاف ہے اور امن کے قیام کے لیے ریاستی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، بلوچستان میں امن اور ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے والے عناصر کو کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.