گورنر بلوچستان کی کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت، زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت۔
کوئٹہ(مسائل نیوز)گورنر بلوچستان جعفر خان مندوخیل نے سریاب کے علاقے میں واقع شاہوانی اسٹیڈیم میں ہونے والے دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ اپنے جاری کردہ بیان میں گورنر نے کہا کہ نہتے شہریوں کو نشانہ بنانے والے سفاک دہشتگرد کسی بھی رعایت کے مستحق نہیں، اور ریاست ایسے عناصر سے سختی سے نمٹے گی۔
- Advertisement -
گورنر مندوخیل نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو ہدایت کی کہ وہ واقعے میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کی حفاظت حکومت کی اولین ترجیح ہے اور قومی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے ہی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
گورنر نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری طور پر بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کو ہر قسم کی دہشتگردی سے پاک کرنے اور اسے امن و آشتی کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مشترکہ طور پر مؤثر اقدامات کرنے ہوں گے۔