لاہور (ویب ڈیسک)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کا مستقبل انتہائی روشن اور تابناک ہے، دنیا میں موجود بیماریوں کا معالج مسلم پاکستان ہی ہے،بھارت کے موجودہ حالات نے نظریہ پاکستان یا دوقومی نظریہ کی حقانیت کو ثابت کر دیا ہے، اطمینان بخش بات یہ ہے کہ پاکستان کی منزل کا دوبارہ تعین کر لیا گیا ہے، ہمیں اپنا آج پہچاننا اور کل کی تیاری کرنی ہے،پاکستان پر ہائبرڈ وار مسلط ہے اور اس کا ٹارگٹ انسانی اذہان ہیں، آج کی دنیا میں اقدار نام کی کوئی چیز نہیں جبکہ انسانیت کو اس مرہم کی اشد ضرورت ہے،قوم کی تعمیر کیلئے معاشرہ کے ہر فرد کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا،
- Advertisement -
آج دنیا بڑی تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے اور ہمیں اس کی رفتار سے چلنا اور ان تبدیلیوں کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں ایوانِ کارکنانِ تحریکِ پاکستان’ لاہور میں کارکنانِ تحریکِ پاکستان کے اعتراف خدمت کیلئے منعقدہ 28ویں سالانہ عطائے گولڈ میڈل تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا اہتمام تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ نے نظریہ پاکستان ٹرسٹ کے اشتراک سے کیا تھا۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے کارکنان تحریک پاکستان کے اعتراف خدمت میں انہیں یا ان کی اولادوں کو گولڈ میڈل دیئے، آج ہم انہی کارکنوں کی جدوجہد کی بدولت آزاد فضاوں میں سانس لے رہے ہیں،نظریہ پاکستان ٹرسٹ اور تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کی کاوشیں قابل تعریف ہیں کہ وہ ہر سال اس تقریب کا انعقاد کرکے یہ یاددہانی کرواتے ہیں کہ پاکستان بہت بڑی نعمت ہے اور ہمیں اس کی قدر کرنی چاہئے، قیام پاکستان کی تحریک میں حصہ لینے والے کارکنان نے اپنا تن من دھن اس ملک کیلئے قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اس تحریک کے سیاسی پہلووںکو بڑی باریک بینی سے سمجھا، پھر رفتہ رفتہ حقیقت جنم لینے لگی اور مسلمانوں نے جو نتیجہ اخذکیا ہندوﺅں کے متعصبانہ رویے نے اس پر مہر تصدیق ثبت کر دی۔