کوئٹہ(ویب ڈیسک)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور برطانوی ہائی کمشنرڈاکٹر کرسچئن ٹرنر کے مابین یہاں ہونے والی ملاقات میں بلوچستان کے مختلف شعبوں میں برطانوی تعاون کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے فیصلہ کیاگیا ہے کہ بلوچستان بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈاوربرطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ٹریڈکے درمیان روابط کو فروغ دیکر ان امور کو حتمی شکل دی جائے گی۔
صوبائی وزراءنور محمد دمڑ، سردار عبدالرحمن کھیتران اور سید احسان شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی وزراءکی جانب سے بلوچستان میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور باہمی تعاون کے فروغ کے شعبوں کی نشاندہی کی گئی اور بتایاگیا کہ صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کا فروغ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کیلئے سرمایہ کارو ں کو پر امن اور سازگار ماحول کی فراہمی کو یقینی بنایاگیا ہے۔
- Advertisement -
وزیراعلیٰ کی جانب سے برطانوی ہائی کمشنر کو دیگر امور کے علاوہ ریکوڈک منصوبے پر ہونے والی پیشرفت سے بھی آگاہ کیاگیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے ریکوڈک منصوبے پر وزیراعلیٰ بلوچستان اور صوبائی حکومت کی جر ت مندانہ موقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریکوڈک منصوبے پر کام کے دوبارہ آغاز سے بیرونی سرمایہ کاروں کا بلوچستان میں سرمایہ کاری کرنے کیلئے اعتماد مضبوط ہوگا
اور وہ اس جانب راغب ہوسکیں گے جن میں برطانوی کمپنیاں بھی شامل ہوں گی اور آج کی اس ملاقات کے حوالے سے برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ٹریڈ کے توسط سے برطانوی سرمایہ کاروں کو بلوچستان کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کے امکانات اور مواقعوں سے آگاہ کیا جائے گا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان تاریخی روابط ہیں جن پر ہم فخر کرتے ہیں اور ایک خودمختار پاکستان کے ساتھ باہمی تعاون کے فروغ میں اضافہ ہماری حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔