MNN News
مسائل آپ کے اجاگر ہم کرینگے

ہوٹل مالکان کا وزیراعظم ہاؤس کے گھیراؤ کا عندیہ

0 258

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

اسلام آباد (مسائل نیوز)وفاقی حکومت کی جانب سے کاروبار جلدی بند کرنے کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے ہوٹل مالکان نے وزیراعظم ہاؤس کے گھیراؤ کی دھمکی دے دی۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق صدر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن محمد فاروق چوہدری نے کہا ہے کہ رات ساڑھے 8 بجے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ تاجروں کا معاشی قتل کرنے کے مترادف ہے، حکومت نے تاجر برادری کی طرف سے دی گئی تجاویز پر غور نہ کرتے ہوئے یک طرفہ فیصلہ کیا، ہم حکومت کے اس یک طرفہ فیصلے کو مکمل طور پر مسترد کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت کو تجاویز دی تھیں کہ ریسٹورنٹ، ہوٹلز بیکرز سمیت دیگر کاروبار کو رات 11 بجے تک اجازت دی جائے، لیکن حکومت نے تاجر برادری کی تجاویز کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے پاؤں پہ کلہاڑی ماری ہے، کیوں کہ ملک بھر میں پہلے ہی مہنگائی کا طوفان ہے، اس طرح کے فیصلوں سے معاشی مسائل مزید بڑھیں گے، ہم توانائی بچت پروگرام میں حکومت کا ساتھ دینے کے لیے پوری طرح سے ہیں لیکن ہمیں رات 11 بجے تک کاروبار کی اجازت دی جائے ہم بجلی کی بجائے جنریٹر استعمال کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔
صدر ہوٹل اینڈ ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن نے کہا کہ ملکی مسائل اور توانائی بچت کے لیے ہم دن میں بھی سولر سمیت دیگر آپشن پر غور کریں گے، تاہم حکومت فوری طور پر اپنا فیصلہ واپس لے کر تاجر برادری کی تجاویز پر عمل کرے، حکومت نے اگر اپنا فیصلہ واپس نہ لیا تو تاجر برادری ملک بھر میں احتجاج کرے گی، حکومتی فیصلے پر پوری تاجر برادری متحد ہے اور اگر یہ فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو وزیراعظم ہاؤس کا بھی گھیراؤ کریں گے۔

Get real time updates directly on you device, subscribe now.

Leave A Reply

Your email address will not be published.