لاہور(مسائل نیوز) تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ن لیگ اور پیپلز پارٹی والے انتخابات سے بھاگ رہے ہیں کیونکہ ان کی سیاست ختم ہو گئی ہے۔اسلام آباد کے بلدیاتی الیکشن میں جہاں 101 یونین کونسلز پینل کا انتخاب ہونا ہے،ن لیگ صرف 30 حلقوں میں امیدوار دے سکی۔ فواد چوہدری کا ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کا ایک بھی پینل نہیں ہے،مقابلہ تحریک انصاف اور آزاد امیدواروں میں ہے۔
قبل ازیں سابق صدر آصف علی زرداری کے بیان پر فوادچوہدری نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ آصف زرداری نے پہلے بھی بڑھک ماری تھیں،آصف زرداری نےکہا تھا کہ پنجاب میں حکومت نہیں بننےدیں گے۔ آصف زرداری نے چوہدری شجاعت کے پاؤں پڑ کرخط لکھوایا اس کے باوجود ایک بھی ایم این اے ان کے کہنے میں نہیں آیا۔
فوادچوہدری نے کہا کہ قومی اسمبلی کے20 لوگ پیسے لے کر بھی آصف زرداری کیساتھ کھڑے نہ ہوئے،پیپلزپارٹی کے پاس ووٹرز تو دور امیدوار بھی نہیں ہیں۔
- Advertisement -
جبکہ آصف زرداری نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم پنجاب میں تیس سال سے پاور میں نہیں آسکے لیکن اب وہاں اپنی کمزوریاں دور کریں گے، میں پنجاب میں عمران خان کے مقابلے کے لیے تیار ہوں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کراچی میں پیپلزپارٹی کا مقابلہ نہ کرسکے اب میانوالی میں نواب آف کالا باغ ان کا مقابلہ کریں گے، نواب آف کالا باغ نے ہمیں جوائن کرلیا ۔ سابق صدر نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ پورا زور لگا کر 25 ہزار لوگ جمع کرنے والا مقبول نہیں ہوتا ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان چھوٹی سوچ کے مالک ہیں،عمران خان کی سوچ سیاسی نہیں ہے،عمران خان غلط فیصلہ کرتے تو قوم کیلئے مشکل ہوتی ہے،سیاست میں ہارجیت ہوتی رہتی ہے۔